کراچی( اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے 17سالہ بدترین دور حکمرانی میں کراچی کے عوام نہ صرف پینے کا پانی بلکہ تعلیم بھی خریدنے پر مجبور ہیں، سرکاری تعلیمی ادارے اور شہر کا انفرااسٹرکچر تباہ حال ہے، صفائی ستھرائی، بہتر سڑکوں اور ٹرانسپورٹ کا کوئی نظام موجود نہیں، K-4منصوبہ تعطل کا شکار ہے،عوام ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر ہیں، 12.76ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی حب کینال 2میں پانی کی فراہمی سے قبل ہی شگاف پڑ گیا، تعلیم اور بنیادی شہری سہولتوں کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن تعلیم کو تجارت بنا دیا گیا ہے ”جہالت سب کے لیے“ پیپلز پارٹی کا وژن اور نا اہلی و کرپشن پیپلز پارٹی کا خاصہ ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ تعلیم کو تجارت بنانے کا عمل بند اور طلبہ کو یونین سازی کا حق دیا جائے، پورے شہر میں پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، سندھ اسمبلی میں ارکان کی تنخواہوں اور مراعات میں 190فیصد اضافے کا بل تو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا لیکن عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے حکومت کے پاس کوئی منصوبہ نہیں، جماعت اسلامی کی حقوق کراچی تحریک جاری رہے گی، کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز اور قانونی حق،پانی، بجلی، گیس، ٹرانسپورٹ اور تعلیم سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔