کراچی(اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے رفاہی پلاٹ کے تجارتی استعمال کیس میں جواب جمع نہ کرانے پر کے ڈی اے اور ایس بی سی اے پر 50، 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز پاسبان کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ میں دائرکردہ آئینی درخواست کی سماعت جسٹس ذوالفقار علی سانگی اور جسٹس عبدالحمید بھرگڑی پر مشتمل دورکنی بنچ نے کی۔دوران سماعت کے ڈی اے اور ایس بی سی اے کے وکلاء نے جواب داخل کرنے کے لئے عدالت سے مزید مہلت کی درخواست کی جس پر جسٹس ذوالفقار نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کے ڈی اے اور ایس بی سی اے پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے حکم دیا کہ جرمانے کی رقم ہائی کورٹ کے کلینک میں جمع کرائی جائے اور آئندہ سماعت سے قبل جواب داخل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اگر اب بھی جواب داخل نہ کرسکے توان محکموں کے اعلیٰ حکام کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا جائے گا۔ عدالت نے سماعت 4 ستمبر 2025 تک کے لئے ملتوی کردی۔