کراچی( اسٹاف رپورٹر )سائیٹ ایریا میں شہری سے لوٹ مار کر کے فرار ہونیوالے دو ڈکیٹ مبینہ پولیس مقابلے میں مارے گئے۔ تفصیلات کے مطابق سائٹ اے پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب مین منگھوپیر روڈ نزد ولیکا گراؤنڈ کے قریب مقابلہ ہوا۔پولیس کے مطابق ملزمان عبد الحمید نامی شہری سے موبائل فون اور نقد رقم لوٹ کر فرار ہورہے تھے کہ اسی دوران علاقہ پولیس کو گشت کرتے آتے دیکھ کر موٹرسائیکل پر سوار ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی ،پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم موقع پر ہی مارا گیا جبکہ ایک زخمی ہو گیا، زخمی ملزم کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج اس نے بھی دم توڑ دیا۔پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان کی شناخت محمد کاشف ولد عمر زیب اور ذیشان ولد افضل کے ناموں سے ہوئی۔پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ایک غیر قانونی پستول 30 بور بمعہ لوڈ میگزین، شہری سے چھینی ہوئی رقم اور موبائل فون اور موٹرسائیکل 125 بناء نمبر برآمد ہوئی۔