• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جمہوریت کی پامالی اور عوام کے حق پر ڈاکہ مزید برداشت نہیں، حافظ نعیم

لاہور (نیوزرپورٹر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جمہوریت کی پامالی اور عوام کے حق پر ڈاکہ مزید برداشت نہیں،اس فرسودہ نظام کو بدلنا اور پرامن مزاحمتی تحریک سے ملک میں انقلاب لانا ہوگا،نومبر میں جماعت اسلامی کا اجتماع مظلوموں کے لیے امید کی کرن بنے گا۔ ملتان میں ہفتہ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے جنوبی پنجاب کے عوام اور خصوصی طور پر کسانوں کی زبوں حالی اور زراعت کی تباہی کا تذکرہ کیا اور کہا کہ انہوں نے مشاہدہ کیا کہ علاقہ کے لوگ شدید مشکلات سے دو چار ہیں،چھوٹا کسان رل گیا، خواتین کے لیے کوئی پروگرام نہیں، غریب اور مڈل کلاس بچوں کی تعلیم کے بارے میں پریشان ہیں اور جماعت اسلامی کے علاوہ ملک بھر کی سیاسی پارٹیوں میں کوئی آواز ایسی نہیں ہے کہ عوام کے مسائل و مشکلات پر بات کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بجلی کی مجموعی کھپت 30 ہزار میگاواٹ کے قریب ہے جبکہ ہماری استعداد46 ہزارمیگاواٹ ہے، اس کے باوجود بھی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ پاکستانیوں کے تین سو ارب روپے اووبلنگ کی مد میں لوٹ لیے گئے، آئی پی پیز سے معاہدوں کے باوجود حکومت بجلی کی قیمت کم نہیں کررہی۔ انہوں نے کہا کسانوں کو کھاد نہیں مل رہی، گندم کا ریٹ مقرر نہیں کیا گیا، گنا نہیں بک رہا، پنجاب حکومت نے گندم کی فروخت پر کسانوں سے دھوکا کیا، حکومتی خاندان شوگر ملوں کے مالک ہیں اور کسان کو گنے کی قیمت ادا نہیں کررہے، بڑے جاگیرداروں کو سہولت ہے وہ ٹیکس بھی نہیں دیتے۔انہوں نے کہا کہ حکمران طبقہ عوام سے دھوکہ کررہا ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ ملک میں تعلیم کا نظام طبقاتی ہے، پونے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں اورپنجاب حکومت سکولوں کو ٹھیکہ پر دینے جارہی ہے، صوبوں کا کروڑوں کا تعلیمی بجٹ کرپشن کی نذر ہو جاتا ہے۔ پاکستان میں آٹھ کروڑ مزدور ہیں، 10 فیصد کو بھی مزدور قوانین کے مطابق حقوق نہیں مل رہے، عدالتی نظام کو ناکارہ بنا دیا گیا، عوام انصاف کے لیے دردر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید