لاہور(نمائندگان جنگ) مون سون کے چھٹے سپیل کا آغاز ہو گیا، لاہورسمیت کئی شہروں میں موسلا دھا بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیاسیلابی صورتحال کا خدشہ،گوجرانوالہ، سیالکوٹ، اوکاڑہ، ساہیوال،سرگودھا،جہلم،وزیر آباد، شیخوپورہ ودیگر علاقوں میں بھی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔لاہور میں گزشتہ روز ایک گھنٹہ موسلا دھار بارش سے جل تھل ہوگیا، لیسکو کا ترسیلی نظام متاثر، متعدد علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق دوپہر 1:35 سے دوپہر 2:35 تک پانی والا تالاب میں 65 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، گلبرگ 5 ، لکشمی چوک میں 58 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔نشتر ٹاؤن میں 8 ،چوک ناخدا 39، پانی والا تالاب 65 اور فرخ آباد میں 26 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، گلشن راوی میں 10 ، اقبال ٹاؤن 12 ،سمن آباد 7 ،جوہر ٹاؤن 9 اور قرطبہ چوک میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔