• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جشن آزادی اور حالیہ قومی کامیابیوں پر تقریبات جاری ہیں، مراد علی شاہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے معین خان اکیڈمی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں جشن آزادی کی 78ویں سالگرہ اور حالیہ قومی کامیابیوں کے تناظر میں 14روزہ تقریبات جاری ہیں،اس سلسلے میں بھٹائی الیون اور قلندر الیون کے درمیان نمائشی کرکٹ میچ منعقد ہوا جس میں بھٹائی الیون نے کامیابی حاصل کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ جشن اس تاریخی فتح کی یاد میں منایا جا رہا ہے جو اللہ تعالیٰ کی مدد، پوری قوم کی دعاؤں اور مسلح افواج کی شاندار کارکردگی سے حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم زندہ ہے، اپنی آزادی کی قدر کرتی ہے اور اس آزادی کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ملک کو ایٹمی اور میزائل صلاحیت سے لیس کیا جب کہ حالیہ کامیابیوں میں مسلح افواج اور قوم نے یکجہتی کے ساتھ دشمن کو واضح پیغام دیا۔ انہوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی جنگ سے قبل، دوران اور بعد میں مؤثر سفارتکاری کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سفارتکاری کے نتیجے میں پاکستان کے عالمی تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ آج پاکستان کے امریکہ، چین، ایران اور خلیجی ریاستوں سمیت کئی ملکوں کے ساتھ مضبوط سفارتی روابط قائم ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
اہم خبریں سے مزید