ہیڈ پنجند پر لیاقت پور کے علاقے میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا، پانی کے دباؤ سے 2 زمیندارہ بند ٹوٹ گئے، کئی علاقے زیر آب آگئے، 35 سے زائد مقامات پر ہائی الرٹ جاری کردیا گیا۔
ملتان میں بستی جاگراں کا زمیندارہ بنڈ ٹوٹنے سے چناب کا پانی شیر شاہ ٹول پلازہ تک پہنچ گیا، ملتان سے مظفر گڑھ، ڈی جی خان اور بلوچستان جانے والی قومی شاہراہ ایک طرف سے بند ہوگئی۔
پانی روکنے کے لیے پتھر اور مٹی سے عارضی رکاوٹ قائم کردی گئی، ملتان مظفر گڑھ روڈ کی بھی ابتر صورتحال ہے، حد نگاہ تک پانی ہی پانی ہے۔
شجاع آباد کینال میں بھی پانی کی سطح بلند ہوگئی، مظفرگڑھ میں بستی گجہ پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا۔
اکبر فلڈ بند پر پانی کی سطح میں معمولی کمی ہوئی، لیکن ملتان شہر کی آخری ڈیفنس لائن شیر شاہ فلڈ بند پر پانی کی سطح انتہائی خطرناک لیول پر برقرار ہے، درجنوں بستیاں زیر آب آگئیں، بند کی بستی جھکڑ پر پانی کی سطح میں اضافہ ہونے سے مکین پریشان ہوگئے۔