ملتان میں شیر شاہ کے علاقے کے قریب زمیندارہ بند ٹوٹ گیا، بند ٹوٹنے سے بستی کھوکراں متاثر ہوگئی، لوگ گھروں کی چھتوں پر محصور ہوگئے، پانی ٹول پلازہ کی جانب بڑھنے لگا۔
بلوچستان سے ملتان اور اپر پنجاب جانے والی ٹریفک معطل ہو نے کا خطرہ ہے۔
شیر شاہ بند پر بھی شدید دباؤ ہے، پانی انتہائی خطرے کا لیول کراس کر گیا، اکبر فلڈ بند پر پانی کا دباؤ برقرار ہے، پانی بڑھنے سے اکبر پور، بستی کوتوال سمیت ملحقہ علاقے ڈوب گئے۔
حافظ آباد میں انتظامیہ نے علاقہ خالی کرنے کے اعلانات کیے، ہیڈ قادرآباد کے مقام پر 35 سے زائد دیہات زیر آب آگئے۔
جھنگ کے علاقے کھوڑاں باقر میں سیلاب متاثرین نے آمد و رفت کیلئے ٹائر ٹیوب کا استعمال کیا۔
بہاولنگر میں دریائے ستلج کے کنارے آبادیاں سیلاب میں ڈوب گئیں، ریسکیو اہلکار محصور افراد کو ریسکیو کرنے میں مصروف ہیں۔
بہاولپور میں دریائے ستلج میں پانی کے بہاؤ میں تیزی آگئی، فتو والی کے قریب بند ٹوٹ گیا، سیکڑوں ایکڑ پر کاشت فصلیں زیر آب آگئیں۔
دریائے ستلج میں قصور کے مقام پر پانی کی سطح مزید بلند ہونے لگی، عارف والا میں سیلابی پانی میں ڈوب کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش نکال لی گئی۔
کبیر والا میں عبدالحکیم ریلوے کراسنگ برج زیرِ آب آگیا، سیلابی صورتحال کے پیش نظر شور کوٹ خانیوال ریلوے ٹریک بند کردیا گیا، ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہوگئی۔