• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماننا چاہیے کہ وزیراعلیٰ پنجاب بہت محنت کررہی ہیں، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ماننا چاہیے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب بہت محنت کررہی ہیں۔

پنجاب کے ضلع قصور میں کسانوں اور سیلاب متاثرین سے بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی، سیلاب متاثرین اور کسانوں نے بلاول بھٹو کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت کی طرف سے قصور میں قائم ریلیف کیمپ کا دورہ کیا، سیلاب سے بڑی تباہی ہوئی ہے، ماننا چاہیے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب بہت محنت کر رہی ہیں، پی پی کے نمائندوں کو امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے کیلئے پابند کیا ہے، ریلیف اور از سر نو تعمیر کے کاموں میں پنجاب حکومت کے ساتھ حصہ لیں گے۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ وزیراعظم سے درخواست ہے کہ بی آئی ایس پی پروگرام کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں امداد پہنچائیں، پنجاب میں سیلاب سے سب سے زیادہ کسانوں کا نقصان ہوا ہے،  وزیراعظم اور صوبائی حکومت سے زرعی ایمرجنسی نافذ کرنے کی درخواست کرتے ہیں، کسانوں کو بیچ اور کھاد کی فراہمی میں مدد کی جائے۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ وفاق سے اپیل ہے کہ سندھ کے ماڈل پر سیلاب زدگان کیلئے گھروں کی تعمیر کی جائے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں امداد پہنچانا ضروری ہے، وفاق سے درخواست ہے کہ کسانوں کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا جائے، ہم سب متحد ہو کر اس قدرتی آفت کا مقابلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سندھ طاس معاہدہ موجود ہے ، بھارت پانی سے متعلق معلومات پاکستان سے شیئر نہیں کر رہا۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان، ندیم افضل چن، تنویر اشرف کائرہ بھی بلاول بھٹو کے ہمراہ ہیں، راجہ پرویز اشرف، سید حسن مرتضیٰ سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی بلاول بھٹو کے ہمراہ تھے۔

قومی خبریں سے مزید