پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹر صاحبزادہ فرحان کا کہنا ہے کہ میں ففٹی کا عموماً جشن نہیں مناتا مگر ذہن میں آیا تو نیا انداز اپنایا، ففٹی کے بعد جشن کا میرا نیا انداز تھا، لوگوں کےمطلب نکالنےکی پروا نہیں۔
دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ جارحانہ کرکٹ کھیلنے کی کوشش کرتا ہوں، چاہے حریف بھارت ہی کیوں نہ ہو، سری لنکا کے خلاف بھرپور تیاری ہے، فائنل میں بھارت سے میچ کھیلنے کے خواہشمند ہیں۔
صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ ایشیا کپ کا فائنل جیتنے کیلئے پرامید ہیں، میری کارکردگی سے ٹیم جیت جاتی تو زیادہ خوشی ہوتی، بھارت کے خلاف پرفارمنس کو لوگ زیادہ اہمیت دیتے ہیں، بھارت کے خلاف کارکردگی سے اعتماد ملا ہے۔
پاکستانی بیٹر نے کہا کہ ابوظبی کی وکٹ بیٹسمینوں کے لیے سازگار ہے، بیٹنگ لائن میں تبدیلی سے بیٹسمینوں کو اعتماد ملا ہے، صائم ایوب کو بھی اعتماد حاصل ہوا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے میچ میں پاکستانی بیٹر صاحبزادہ فرحان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کے خلاف نصف سنچری اسکور کی اور جشن منانے کے انوکھے انداز سے چھا گئے۔
فرحان نے اپنی نصف سنچری بھارتی بالر کی گیند پر چھکا لگا کر مکمل کی، دائیں ہاتھ کے بیٹر نے محض 29 گیندوں پر 50 رنز مکمل کیے جس میں 5 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔
ففٹی کے بعد فرحان نے بلے کو رائفل کی طرح تھام کر فائرنگ کی نقل کی، جس پر اسٹیڈیم میں موجود شائقین جھوم اٹھے، یہ منظر فوری کیمروں میں قید ہوگیا اور چند لمحوں میں سوشل میڈیا پر اس کا چرچا ہونے لگا۔