بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی ایک بار پھر سی اے بی کے بلا مقابلہ صدر منتخب ہوگئے ہیں۔
53 سالہ سارو گنگولی نے2008ء میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی، وہ ایک بار پھر کرکٹ ایسوسی ایشن بنگال (سی اے بی) کے صدر منتخب ہوئے ہیں۔
سی اے بی کے 94ویں سالانہ اجلاس میں سارو گنگولی کو بلا مقابلہ منتخب کیا گیا، اُن کی ریاستی بورڈ میں 6 سال کے وقفے کے بعد واپسی ہوئی ہے۔
سارو گنگولی اس سے قبل 2015ء تا 2019ء سی اے بی کے صدر رہ چکے ہیں، جس کے بعد وہ 3 سال بی سی سی آئی کے صدر رہے۔
بھارتی ٹیم کے سابق کپتان نے اپنے بڑے بھائی سنہا شیش گنگولی کی جگہ سی اے بی کے صدر منتخب ہوئے ہیں، جو گزشتہ 6 سال سے یہ ذمے داری نبھارہے تھے۔
وہ ریاستی کرکٹ بورڈ میں واپسی کے ساتھ ہی کئی بڑے منصوبے ساتھ لائے ہیں، جن میں ایڈن گارڈنز کولکتہ میں شائقین کرکٹ کی گنجائش 1 لاکھ تک لے جانا شامل ہے۔
اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی موجودہ گنجائش 68 ہزار ہے، اس معاملے پر کام اگلے سال ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد شروع ہوگا۔
سارو گنگولی بنگال میں کرکٹ کی بہتری کےلیے 9 ایکڑ پر مبنی جدید سہولتوں سے آراستہ اکیڈمی بنائیں گے، منصوبہ منظور ہوچکا ہے، جو اگلے ڈیڑھ برس میں مکمل ہوگا۔
انہوں نے ضلعی سطح پر کرکٹ کو مزید بہتر بنانے کےلیے اس کے فنڈز 5 کروڑ سے بڑھا کر 8 کروڑ کردیے ہیں۔