آزاد کشمیر میں جاری احتجاج کے سلسلے میں عوامی ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کے لیے حکومتی مذاکراتی ٹیم مظفرآباد پہنچ گئی۔
وزیراعظم آزاد کشمیر، رانا ثنا اللہ، طارق فضل چوہدری، احسن اقبال، سردار یوسف، پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف اور قمر زمان کائرہ پر مشتمل وفد مظفر آباد پہنچا ہے۔
اس موقع پر سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہم یہاں پر عوامی ایکشن کمیٹی کے دوستوں کے مطالبات سننے آئے ہیں، وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ جائز مطالبات پر بات چیت کی جائے اور ساتھ بیٹھ کر مسائل کا حل نکالا جائے۔
انہوں نے کہا کہ تشدد کے راستے سے ہمیشہ نقصانات ہی ہوتے ہیں، معاملات سلجھنے کے بجائے مزید الجھ جاتے ہیں، ہم نے معاملات کو سلجھانا ہے، عوامی ایکشن کمیٹی اور کشمیر کے لوگ ہمارے بھائی ہیں، ہم ان کے ساتھ بیٹھ کر تمام مسائل کو حل کریں گے۔
حکام کے مطابق حکومتی وفد احتجاج کی قیادت کرنے والی عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں سے مذاکرات کرے گا اور تمام معاملات کو بات چیت کے ذریعے پُرامن طور پر حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
مظفرآباد روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات کو سنیں گے، اس وقت ایسے عناصر موجود ہیں جو پاکستان کے امن اور استحکام کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے بیرون ملک ہوتے ہوئے بھی اس معاملے کا نوٹس لیا۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کے پُرتشدد مظاہروں کے نتیجے میں اب تک 3 پولیس اہلکاروں سمیت 6 عام شہری جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ مظاہروں کے نتیجے میں 72 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔