بھارتی ریاست اتر پردیش کے گاؤں کُچھ مُچّھ میں ایک 75 سالہ شخص کی شادی کے اگلے دن اچانک موت نے پورے علاقے کو حیران و پریشان کر دیا۔
بھارتی میڈیا کی اطلاعات کے مطابق سنگرورام نامی بزرگ، جو اپنی بیوی کے گزر جانے کے بعد تنہا زندگی گزار رہے تھے، انہوں نے اپنی موت سے ایک دن پہلے ہی 35 سالہ منبھواتی سے دوسری شادی کی تھی۔
یہ شادی عدالت میں انجام پانے کے بعد مقامی مندر میں روایتی رسومات کے ساتھ ہوئی، گاؤں والوں کے مطابق سنگرورام نے حال ہی میں اپنی تنہائی اور سہارا چاہنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا، اگرچہ ان کے خاندان کو ان کے دوبارہ شادی کرنے پر تحفظات تھے۔
تاہم شادی کی اگلی ہی صبح سنگرورام کی طبیعت اچانک بگڑ گئی، انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا، ان کی اچانک موت نے اہل خانہ اور گاؤں والوں کو صدمے میں ڈال دیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اہل خانہ نے واقعے پر شبہات ظاہر کیے ہیں مگر تاحال کسی قسم کی بددیانتی یا سازش کی تصدیق نہیں ہو سکی، منبھواتی نے بتایا کہ سنگرورام نے انہیں یقین دلایا تھا کہ وہ بچوں کی کفالت کریں گے۔
پولیس کے مطابق اگر اہل خانہ باضابطہ شکایت درج کراتے ہیں تو مزید تحقیقات عمل میں لائی جائیں گی۔