• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محمّد صفدرخان ساغرؔ، راہوالی، گوجرانوالہ

اکثر شام کی چائے کے ساتھ کچھ نہ کچھ کھانے کو دِل چاہتا ہے، تو بازار سے کچھ عیر صحت بخش، مضرِ صحت منگوانے سے بہتر ہے کہ گھر ہی میں کوئی ایسی چیز تیار کرلی جائےکہ جو اہلِ خانہ کو بھی پسند آئے اور مہمانوں کی خاطر تواضع کے لیے بھی پیش کی جاسکے۔ سو، آج ہم آپ کو چاکلیٹ کیک بنانے کی ایک آسان ترکیب بتارہے ہیں۔

اجزا : مکھن آٹھ اونس، انڈے چار عدد، میدہ آٹھ اونس، چینی آٹھ اونس، بیکنگ پاؤڈر دو چائے کے چمچ، فوڈ ایسینس دو قطرے، کوکو پاؤڈر دو کھانے کے چمچ۔

ترکیب: سب سے پہلے مکھن اور چینی خُوب اچھی طرح پھینٹ لیں۔ اگر آپ کے پاس پھینٹنے والی مشین نہیں، تو پہلے مکھن کو خُوب پھینٹ کر جھاگ بنالیں، پھر اس میں چینی پیس کر ملا دیں۔ اس کے بعد ایک، ایک کر کے چاروں انڈے بھی شامل کردیں اور خُوب پھینٹیں۔ 

اگلے مرحلے میں ایک خشک برتن میں میدہ اور بیکنگ پاؤڈر چھان لیں۔ آمیزے میں کوکو پاؤڈر شامل کریں اور پھر میدہ اور بیکنگ پاؤڈر بھی اسی آمیزے میں ڈال دیں، لیکن خیال رہے، میدہ ، بیکنگ پاؤڈر ڈالنے کے بعد آمیزے کو پھینٹنا نہیں ہے، بلکہ چمچ کی مدد سے تمام اجزاء کو یک جان کرنا ہے۔ 

آخر میں ایسینس کے دو قطرے ڈال دیں۔ اب سانچے کے اندر گھی یا مکھن کا لیپ لگائیں اور آمیزہ، سانچے میں ڈال کراوون میں رکھ دیں۔ کچھ ہی دیر میں مزے دار چاکلیٹ کیک تیار ہوگا، جسے شام کی چائے کے ساتھ اہلِ خانہ اور مہمانوں کی خدمت میں پیش کیا جا سکتا ہے۔

ضروری ہدایات:

کیک بنانے سے ایک گھنٹا پہلے مکھن اور انڈے فریج سے نکال کر باہر رکھ دیں۔ یاد رہے، اوون تین قسم کے ہوتے ہیں اور تینوں میں درجۂ حرارت سیٹ کرنےکےالگ الگ نشانات ہوتے ہیں۔ ایک پرCO، دوسرے پر FO اور تیسرےپر 1، 2 ، 3 اور 4 درج ہوتا ہے۔

مندرجہ بالا کیک بنانے کے لیے آپ کو درجۂ حرارت 180COیا FO350 یا 4 کے مارک پر رکھنا ہوگا۔ 30 منٹ بعد اوون کھول کر سانچے کی سمت تبدیل کریں۔

اور ٹھیک 40منٹ بعد سانچا باہر نکال لیں۔ کیک کو اوون سے نکالنے سے قبل اُس میں ماچس کی تیلی یا ٹوتھ پِک پیوست کریں۔ اگر کیک تیار ہوگا، توتیلی خشک رہےگی، وگرنہ اُس پر کیک کا آمیزہ لگا دکھائی دے گا۔ ایسی صُورت میں کیک کو دوبارہ کچھ دیر کے لیے اوون میں رکھ دیں۔ نیز، سانچےکو اوون میں رکھنے سے ایک گھنٹا پہلے تنور کی طرح گرم کر لیں۔

سنڈے میگزین سے مزید
کھانا خزانہ سے مزید