محمد صفدر خان ، گوجرانوالہ
مزے دار بریانی اور خوش ذائقہ و صحت بخش کھیر کا شمار ہمارے خطّے کی مقبول ترین ڈِشز میں ہوتا ہے۔ یہ نہ صرف مقبولِ عام طعام ہیں بلکہ برِعظیم کی بے مثل ثقافت اور درخشندہ روایات کا مظہر بھی۔
علاوہ ازیں، ہر خاص و عام کے پسندیدہ یہ پکوان اجتماعیت و اپنائیت کے فروغ کا سبب بھی ہیں، کیوں کہ شادی بیاہ سمیت دیگر تقریبات کے لیے اِنہیں بطورِ خاص تیار کیا جاتا ہے۔
سو، آج ہم اپنے قارئین کی خدمت میں پیش کررہے ہیں، بیف پنیر بریانی اور کھیر کی تراکیب۔ آپ ضرور آزمائیں اور اپنے اتوار کو خُوب مزے دار بنائیں۔ ہمیں اُمید ہے کہ یہ ضیافت آپ کے اہلِ خانہ کو اس قدر پسند آئے گی کہ پھر اُنہیں ہفتہ بَھر ’’سن ڈے فِیسٹ‘‘ کا انتظار رہے گا۔
بیف پنیر بریانی
اجزا : کاٹیج پنیر 250گرام، میدہ چار کھانے کے چمچ، خوردنی تیل ایک پاؤ، بیف کے پسندے آدھا کلو، دہی آدھا پائو، لونگ 6عدد، الائچی 6 عدد، زعفران ایسینس چند قطرے، پیاز ایک عدد، لہسن اور ادرک کا پیسٹ دو چائے کے چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، گھی آدھا کپ، چاول آدھا کلو۔
ترکیب : سب سے پہلے کاٹیج پنیر کو کیوبز کی شکل میں کاٹ لیں۔ اب ایک پیالے میں میدہ پانی میں گھول کر اُسے بِیٹر سے اچھی طرح مکس کریں۔ اس کے بعد تیل گرم کریں اور کیوبز کو میدے میں ڈِپ کرکے ڈِیپ فرائی کرلیں۔
لائٹ براؤن ہونے پر اُنہیں کڑاہی سے نکال کر الگ رکھ دیں۔ بیف کے پارچوں کو بھی کیوبز کی شکل میں کاٹ لیں اور ایک دیگچی میں نمک اور پانی کے ساتھ اُبال لیں۔ جب پارچے گَل جائیں اور پانی خُشک ہوجائے، تو چولھے سے اُتار لیں۔
اب ایک دیگچی میں چاول اُبالیں اور ایک کنی رہ جانے پر اُتارلیں۔ گوشت کے پارچوں میں دہی، پنیر، لونگ، الائچی، زعفران ایسینس، پیاز، لہسن، ادرک اور نمک ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں۔
اس کے بعد ایک دوسری دیگچی میں چاول اور تیار کردہ مسالے کی تہیں باری باری لگائیں۔ آخر میں آدھا کپ گھی گرم کرکے بگھار لگادیں۔ کچھ دیر دَم پر رکھ کر خُوب صُورت سی ڈش میں نکال کرسرو کریں۔
کھیر
اجزا: دودھ ایک لیٹر، کنڈینسڈ مِلک، دو کھانے کے چمچ، اُبلے ہوئے چاول آدھا کلو گرام، الائچی پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، پستہ ایک کھانے کا چمچ، بادام ایک کھانے کا چمچ، کشمش ایک کھانے کا چمچ، چھوہارے دوعدد۔
ترکیب: ایک بڑے سے برتن میں دودھ ڈال کر اُسے ابال لیں۔ پھر اس میں کنڈینسڈ مِلک ڈالیں اور دونوں کو اچّھی طرح مکس کریں۔ اب ان میں اُبلے ہوئے چاول ڈالیں اور اُس وقت تک چمچ ہلاتے رہیں، جب تک کہ گاڑھا پن پیدا نہ ہوجائے۔
اس کے بعد الائچی پاؤڈر ڈالیں اور اچّھی طرح مکس کردیں۔ آخر میں پستے، بادام، کشمش اور کٹے ہوئے چھوہارے ڈال کر خُوب اچّھی طرح مکس کریں۔ کچھ ہی دیر میں مہکتی ہوئی میٹھی اور مزے دار کھیر تیار ہے، جسے خوب ٹھنڈا کرکے اہلِ خانہ اور مہمانوں کو بڑی محبت سے پیش کیا جا سکتا ہے۔