• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’مجھے تم پسند نہیں ہو،‘ صدر ٹرمپ کا آسٹریلوی سفیر سے مکالمہ

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز آسٹریلوی وزیرِاعظم انتھونی البانیز کے ہمراہ بیٹھے سابق وزیرِاعظم اور آسٹریلوی سفیر کیون رُڈ کو مخاطب کرتے ہوئے ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز امریکا اور آسٹریلیا کے درمیان ایک سب مرین معاہدہ طے پایا، میٹنگ مجموعی طور پر دوستانہ ماحول میں جاری تھی کہ ایک صحافی نے کیون رُڈ کے ماضی میں ٹرمپ پر کیے گئے تنقیدی تبصروں کے بارے سوال پوچھ ڈالا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اس سوال کے جواب میں کہا کہ ممکن ہے کیون کو مجھ سے معافی مانگنا پڑے، پھر اُنہوں نے کابینہ کے اراکین کو مخاطب کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں پوچھا، ’کیون رُڈ کہاں ہے؟ کیا وہ ابھی بھی آپ کے لیے کام کر رہا ہے؟‘

آسٹریلوی وزیرِ اعظم انتھونی البانیز نے مسکراتے ہوئے کیون رُڈ کی جانب اشارہ کیا جو میز کے سامنے مقررہ نشست پر بیٹھے تھے۔ 

کیون رُڈ نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے ماضی میں کیے گئے تبصرے اپنے عہدے سے قبل کیے تھے، اس پر ٹرمپ نے بے ساختہ کہا،’مجھے تم پسند بھی نہیں ہو اور غالباً کبھی پسند آؤ گے بھی نہیں۔‘

ٹرمپ کے اس ردِ عمل پر اجلاس میں موجود اراکین قہقہے لگا کر ہنسنے لگ گئے جبکہ امریکی صدر دوسرے سوال کی جانب بڑھ گئے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کے سابق وزیرِ اعظم اور امریکا کے لیے حالیہ سفیر، کیون رُڈ نے ٹرمپ کے سابق دورِ حکومت کے دوران سوشل میڈیا پر اِن پر سخت تنقید کی تھی۔ 

اُنہوں نے ٹرمپ کو ’تاریخ کا سب سے تباہ کن صدر‘ اور ’مغرب کا غدار‘ قرار دیا تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید