ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے مسلم تنظیموں کے فنڈز روکنے کی کوشش سے متعلق انکشاف ہوا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے رواں سال کے اوائل میں فیڈرل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی (FEMA) کے سیکیورٹی گرانٹس سے مسلم تنظیموں کو محروم کرنے کی خفیہ کوشش کی۔
امریکی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ محکمۂ ہوم لینڈ سیکیورٹی (DHS) نے تجویز دی تھی کہ مسلم اداروں کے فنڈز بند کیے جائیں تاہم FEMA نے اسے متعصبانہ اور غیر قانونی قرار دے کر مسترد کر دیا تھا۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق اس تجویز کے مسترد ہونے کے چند ماہ بعد درجنوں مسلم تنظیموں کو گرانٹس سے نااہل قرار دے دیا گیا تھا جبکہ یہودی تنظیموں کو بدستور فنڈز فراہم کیے گئے تھے۔
محکمۂ ہوم لینڈ سیکیورٹی نے الزام عائد کیا تھا کہ بعض مسلم اداروں کے دہشت گرد گروہوں سے روابط ہیں۔
اس پر اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکا (ISNA) کے سربراہ نے اِن الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ بےبنیاد باتیں سول سوسائٹی اور اچھے کام کرنے والی تنظیموں کے لیے نقصان دہ ہیں۔