• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ نے اسپتال کے خفیہ دورے کی وجہ بتا دی

تصویر: اسکرین گریب
تصویر: اسکرین گریب

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آخرکار اسپتال کے خفیہ دورے کی وجہ بتادی اور کہا کہ وہ اسپتال ایم آر آئی اسکین کےلیے گئے تھے۔

ٹرمپ نے ایئر فورس ون پر صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ میں نے ایم آر آئی کروایا اور یہ بالکل پرفیکٹ تھا۔

وائٹ ہاؤس نے 10 اکتوبر کو ہونے والے طبی معائنے کی وجہ پہلے نہیں بتائی تھی، جو غیر معمولی سمجھا گیا کیونکہ عام طور پر امریکی صدور کا سال میں صرف ایک مکمل میڈیکل چیک اپ ہوتا ہے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ کسی نے آپ کو اتنی تفصیلی رپورٹس نہیں دیں جتنی میں نے دیں، اگر مجھے لگتا کہ رپورٹ اچھی نہیں، تو میں خود بتا دیتا۔

ٹرمپ کے معالج نے تصدیق کی کہ ان کی صحت عمر کے لحاظ سے بہترین ہے۔

گزشتہ دنوں کے دوران ٹرمپ کے دائیں ہاتھ پر نیل اور سوجن بارہا دیکھی گئی، جسے اکثر میک اپ سے چھپایا جاتا تھا۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق یہ علامات ایسپرین کے استعمال کی وجہ سے ہیں، جو ٹرمپ دل کی صحت کے معمول کے پروگرام کے تحت لیتے ہیں۔

گزشتہ موسمِ گرما میں انتظامیہ نے بتایا تھا کہ صدر کی ٹانگوں میں سوجن کے باعث ان کا معائنہ کیا گیا اور انہیں کرونک وینس انسفیشنسی (Chronic Venous Insufficiency) کی تشخیص ہوئی، یہ ایک عام عارضہ ہے جس میں رگوں کے والو صحیح طرح کام نہیں کرتے، جس سے خون جمع ہو جاتا ہے، اس مرض کا علاج ادویات یا طبی طریقۂ کار سے ممکن ہے۔

ابتدائی طور پر وائٹ ہاؤس نے ٹرمپ کے اسپتال جانے کی درست وجہ ظاہر نہیں کی تھی اور اسے محض روٹین چیک اپ قرار دیا تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید