متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ میں خاتون سے ایک لاکھ 95 ہزار درہم کی چوری میں ملوث دو چور گرفتار کرلیے گئے۔
فجیرہ سے اماراتی حکام کے مطابق ملزمان نے خاتون کو چکمہ دے کر رقم چرائی، دونوں چور شارجہ سے گرفتار کیے گئے۔
حکام کے مطابق خاتون بینک سے رقم نکال کر گاڑی میں گھر جا رہی تھی اس دوران دونوں چور بینک سے خاتون کی گاڑی کا پیچھا کرتے رہے۔
اماراتی حکام کے مطابق قریب پہنچ کر ایک ملزم نے خاتون کو کہا کہ گاڑی کے ٹائر میں خرابی ہے، خاتون گاڑی روک کر ٹائر دیکھنے نکلیں تو دوسرا چور گاڑی سے رقم اٹھاکر فرار ہوگیا۔
حکام کے مطابق تین گھنٹے کے اندر دونوں چوروں کو شارجہ پولیس کی مدد سے گرفتار کرلیا گیا، دونوں ملزمان دیگر امارات میں بھی اسی طرح کی وارداتوں میں ملوث نکلے۔