• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لارنس بشنوئی گینگ نے کینیڈا میں صنعتکار کے قتل اور گلوکار کے گھر پر فائرنگ کی ذمہ داری قبول کر لی

کولاج بشکریہ بھارتی میڈیا
کولاج بشکریہ بھارتی میڈیا 

کینیڈا میں بھارتی افراد پر مشتمل سرگرم گینگ لارنس بشنوئی نے رواں ہفتے کے آغاز میں 68 سالہ بھارتی نژاد صنعتکار کو ان کے گھر کے باہر گولی مار کر قتل جبکہ ایک پنجابی گلوکار کے گھر پر فائرنگ کرنے کی ذمہ داری قبول کرلی۔ 

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دونوں واقعات راجستھان میں پولیس کی جانب سے لارنس بشنوئی گینگ کے سرگرم رکن جگدیپ سنگھ عرف جگا کو امریکا میں گرفتار کرنے کے ایک دن بعد پیش آئے ہیں۔

لارنس بشنوئی گینگ سے تعلق رکھنے والے حملہ آوروں کو دونوں واقعات کے بعد ایک پارک شدہ کار سے باہر نکل کر اپنے اہداف کو نشانہ بنا کر  فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ گینگ نے بھارتی نژاد بزنس مین، درشن سنگھ سہاسی کے قتل کی ذمہ داری قبول کی اور کہا کہ اِنہوں نے صنعتکار کو بھتہ نہ دینے پر نشانہ بنایا۔

دوسری جانب گینگ نے کینیڈا میں ایک پنجابی گلوکار، چھنی نتن کے گھر کے باہر فائرنگ کرنے کا بھی دعویٰ کیا۔ 

لارنس بشنوئی گینگ کے ایک رکن، گولڈی ڈھلون نے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے ایک پیغام کہا کہ جو بھی گلوکار سردار کھیرا کے ساتھ کام کرے گا اِسے اس طرح کے حملوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

لارنس بشنوئی گینگ کیا ہے؟

کینیڈا نے لارنس بشنوئی گینگ کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کر رکھا ہے، اس گینگ سے مبینہ طور پر عالمی سطح پر کام کرنے والے 700 سے زیادہ شوٹرز منسلک ہیں۔

یہ گینگ پنجابی ریپر اور سیاست دان سدھو موسے والا کے قتل اور بالی ووڈ اداکار سلمان خان سمیت کئی فنکاروں کو جان سے مار دینے کی دھمکیاں دینے جیسے کئی ہائی پروفائل کیسز میں ملوث رہا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید