• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا جرمنی کی پرواز میں دو نوجوانوں پر کانٹے سے حملہ کرنے والا بھارتی شخص گرفتار

فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا
فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا 

امریکا سے جرمنی جانے والی لفتھانزا (Lufthansa) کی پرواز میں ایک بھارتی شہری نے دو نو عمر مسافروں کو دھاتی کانٹے سے زخمی کر دیا جس کے بعد طیارے کو ہنگامی طور پر بوسٹن لوگن انٹرنیشنل ایئرپورٹ اتار کر حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا۔

امریکی اٹارنی کے دفتر کے مطابق 28 سالہ بھارتی شہری، پرنیت کمار اوسیری پالی پر الزام ہے کہ اِس نے دورانِ پرواز ایک 17 سالہ لڑکے کے کندھے پر دھات کے کانٹے سے وار کیا اور فوراً بعد دوسرے 17 سالہ لڑکے کی گردن پر حملہ کر کے اسے زخمی کر دیا۔

واقعے کے بعد عملے نے حملہ آور کو قابو کرنے کی کوشش کی تو اس نے اپنی انگلیوں سے بندوق کا اشارہ بنایا، منہ پر رکھا اور فرضی طور پر ’ٹریگر‘ دبانے کی اداکاری کی۔

بعد ازاں اس نے ایک خاتون مسافر کو تھپڑ مارا اور ایک فضائی عملے کے رکن پر ہاتھ اٹھانے کی کوشش بھی کی۔

ایئرلائن کے مطابق، اس واقعے کے بعد پائلٹ نے طیارے کو فوری طور پر بوسٹن کی طرف موڑ دیا جہاں پولیس نے حملہ آور کو حراست میں لے لیا۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ بھارتی شہری اوسیری پالی اس وقت امریکا میں کسی قانونی امیگریشن حیثیت میں نہیں تھا، وہ اسٹوڈنٹ ویزا پر امریکا میں داخل ہوا تھا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسیری پالی پر امریکی ڈسٹرکٹ کورٹ میں ’خطرناک ہتھیار کے ذریعے جسمانی نقصان پہنچانے کی نیت سے حملہ کرنے‘ کا الزام عائد کیا گیا ہے اور اگر جرم ثابت ہو جاتا ہے تو اِسے زیادہ سے زیادہ دس سال قید، تین سال تک نگرانی کے تحت رہائی اور دو لاکھ پچاس ہزار ڈالر جرمانہ ہو سکتا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید