وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ملک بھر میں 1 کروڑ 30 لاکھ لوگ بیماریوں کے سبب غربت کی لکیر کے نیچے چلے گئے۔
فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف امیونائزیشن میں 118 موبائل ویکسینیشن وین صوبوں کو بھجوانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آج 118 گاڑیاں صوبوں کو بھجوا رہے ہیں تاکہ ہر بچے کی ویکسینیشن ہو سکے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ملک میں تین لاکھ 97 ہزار بچوں کی ویکسینیشن نہیں ہو سکی، جن بچوں کی ویکسینیشن ہو جاتی ہے وہ 13 بیماریوں سے محفوظ ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 4 لاکھ 63 ہزار بچوں کو چند بیماریوں سے بچاؤ کے ٹیکے ہی لگا سکے ہیں، تمام بچوں کو 13مختلف بیماریوں سے بچانے کے لیے ویکسینیشن مکمل کروانی ہوگی، اگر لاکھوں بچوں کی ویکسینیشن نہیں ہوگی تو اسپتال بھر جائیں گے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کوویڈ میں امریکا اور چین سمیت دنیا بھر میں صحت کا نظام مفلوج ہوگیا تھا۔