اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایم ڈی کیٹ پالیسی بدلنے کے معاملے پر پی ایم ڈی سی حکام کو نوٹس جاری کر کے 14 نومبر کو عدالت میں طلب کر لیا۔
عدالت میں جسٹس ارباب محمد طاہر نے درخواست گزار میڈیکل طلبا و طالبات کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار کے وکیل راجا رضوان عباسی نے عدالت کو بتایا کہ پچھلے سال امتحان کا طریقہ کار آسان تھا اس بار پالیسی تبدیل ہوگئی، نئی پالیسی میں تبدیلی سے پچھلے سال پاس ہونے والوں کو مسائل ہوئے۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ قانون کی جو خلاف ورزی ہوئی ہے وہ بتائیں ہم آرڈر کردیں گے۔ جس پر درخواست گزار کے وکیل راجا رضوان عباسی نے بتایا کہ پی ایم ڈی سی والے اب کالجز کو اختیارات دے رہے ہیں۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے استفسار کیا کہ آپ چاہتے ہیں پی ایم ڈی سی کا اختیار ہونا چاہیے؟ جس پر درخواست گزار کے وکیل راجا رضوان عباسی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ جی بالکل ان کا اختیار ہے جب کہ یہ کالجز کو اختیارات دے رہے ہیں۔
اُنہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ پی ایم ڈی سی کو یکساں فارمولا رائج کرنے کی ہدایات دی جائیں اور رجسٹریشن کی آج آخری تاریخ ہے تو عدالت حکم امتناع جاری کرے۔
عدالت نے رجسٹریشن کی آج آخری تاریخ پر فوری حکم امتناع جاری کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے درخواست گزار کے وکیل راجا رضوان عباسی کو ہدایت کی کہ آج ویسے بھی ہڑتال ہے آپ اپنی گزارشات جمع کروا دیں۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ ہم نے نوٹس جاری کرکے پی ایم ڈی سی حکام کو جمعہ کے روز عدالت بلا لیا ہے۔