• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کے فراڈ اور غیرقانونی امیگریشن روکنے کیلئے نئے ایگزیکٹو آڈر پر دستخط

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ غیرقانونی امیگرینٹس اور غیرملکی فراڈیے امریکی ٹیکس دہندگان کے اربوں ڈالر سالانہ چوری کرتے ہیں۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے فراڈ اور غیرقانونی امیگریشن روکنے کے لیے نئے ایگزیکٹو آڈر پر دستخط کیے ہیں جس پر محکمہ خزانہ کے تحت عمل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام کے تحت بینکوں، کریڈٹ کارڈز اور اقتصادی اداروں کو انسانی اسمگلنگ،منشیات کی اسمگلنگ، غیرقانونی امیگریشن اور کرمنل کارٹیلز کے ہاتھوں استعمال سے روکا جاسکے گا۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ صرف قانونی حیثیت میں امریکا میں رہائش پذیر افراد اور ایسے لوگوں جو کہ قانونی طور پر کاروبار کرتے ہیں، انہیں امریکا کے اقتصادی نظام تک رسائی ہونی چاہیے۔ 

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایسے بینک اکاؤنٹ جو کہ غیرقانونی امیگریشن میں معاونت کرتے ہوں، یا ان میں غیرقانونی امیگرینٹس کے ویلفئیر کی رقم رکھی جاتی ہو، انہیں بند کردیا جائے گا اور یہ رقم امریکی ٹیکس دہندگان کو واپس کی جائے گی۔ 

صدر ٹرمپ نے کہا یہ انتہائی خطرناک ہے کہ کوئی غیرقانونی امیگرینٹ ڈیموکریٹک ریاستوں کا ڈرائیور لائسنس دکھائے یا بائیڈن دور میں جاری سرحدی دستاویز دکھائے اور اسے امریکا کے اقتصادی نظام تک غیرمحدود رسائی دیدی جائے۔ 

ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ انکا یہ اقدام آئس مخالف مظاہرین کو بھی واضح پیغام ہے کہ انکےاقدامات سے ٹرمپ انتظامیہ کا عزم مزید مضبوط ہورہا ہے، یہ ایگزیکٹو آڈر مجرمانہ سرگرمیوں کےتحت اربوں ڈالر امریکا سے جانے سے بھی روکےگا۔

صدرٹرمپ نے کہا کہ یہ حکمنامہ بائیڈن دور کے سرحدی اقدامات کو پلٹانے کیلئے انتہائی موثر ثابت ہوگا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید