جناح اسپتال کراچی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر اور سابق پی وی سی جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر شاہد رسول حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کر گئے ہیں۔
انہیں اپنے دفتر میں دل کا دورہ پڑا تھا، اسپتال منتقل کرکے ان کی جان بچانے کی کوشش کی گئی، تاہم ان کی دل کی دھڑکن بحال نہ ہوسکی۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سندھ ہائی ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر طارق رفیع، جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر امجد سراج میمن، ڈاؤ یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر نازلی حسین، میٹرو پولٹن یونیورسٹی کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر وسیم قاضی، سیکریٹری سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن معین الدین اور ڈی جی ہائر ایجوکیشن کمیشن سندھ نعمان احسن نے پروفیسر شاہد رسول کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا۔
انہوں نے ان کی طبی اور تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی موت کا خلا مدتوں پر نہیں ہوسکے گا۔