ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر ڈی جی خان نے این اے 185 میں امیدوار محمود لغاری کی الیکشن مہم میں شرکت پر وفاقی وزیر اویس لغاری کو نوٹس جاری کردیا۔
ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر کا کہنا ہے کہ بطور وفاقی وزیر الیکشن مہم میں حصہ لے کر اویس لغاری نے ہدایات کی خلاف ورزی کی ہے۔
اویس لغاری ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پیش ہو کر اپنی پوزیشن واضح کریں۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر فیصل آباد نے سیکریٹری الیکشن کمیشن کو وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کے خلاف مراسلہ ارسال کردیا۔
مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی مسلسل خلاف ورزی کی جا رہی ہے، انہیں ٹیلی فون پر آگاہ کیا گیا کہ وہ ضابطہ اخلاقی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
ڈی آر او نے کہا ہے کہ دو نوٹسز کے باوجود طلال چوہدری نے ضابطہ اخلاق کی پاسداری نہیں کی، ان پر 50 ہزار کا جرمانہ کیا گیا ہے، جبکہ معاملہ مزید کارروائی کے لیے الیکشن کمیشن ارسال کر رہے ہیں۔
ترجمان الیکشن کمشنر پنجاب نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ دونوں کو 21 نومبر کو وضاحت پیش کرنے کی ہدایت کی ہے، کسی وزیر یا مشیر کو انتخابی مہم چلانے کی اجازت نہیں ہے۔
الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیا جائے گا، شفاف اور غیرجانبدار انتخابات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔