وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ بےاختیار لوگوں سے مذاکرات کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں سہیل آفریدی نے کہا کہ تمام پارٹیوں کےلیے ایک جیسا لیول پلیئنگ فیلڈ مہیا کریں گے تو حالات بہتر ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بےاختیار لوگوں سے مذاکرات کرنے کا فائدہ نہیں، میرے پاس لیڈر سے ملنے کے لیے احتجاج کے سوا کوئی راستہ نہیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے صوبائی اسمبلی سے قرارداد منظور کی، چیف جسٹس کو خط لکھا، ہائیکورٹ میں پٹیشن بھی دائر کی۔
اُن کا کہنا تھا کہ حکومت کے ہر وار کا توڑ میرے پاس ہے، بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات کے لیے کمیٹی بنائی لیکن ان کے پاس اختیار نہیں۔
سہیل آفریدی نے یہ بھی کہا کہ اڈیالہ صرف بات کرنے جا رہا ہوں کبھی ایف آئی اے کبھی الیکشن کمیشن کا نوٹس آجاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے مجھے جلسے کے بعد طلب کرلیا، مریم نواز کے خلاف کوئی نوٹس نہیں لیا، الیکشن کمیشن سب کو ایک نظرسے دیکھے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ لاہور میں ضمنی الیکشن ہو رہا ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز وہاں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کر رہی ہے۔