گوجرانوالہ میں کم عمر ڈرائیور نے پولیس وین ڈرائیو کرتے ہوئے 8 سالہ بچے کو ٹکر ماردی جس سے بچہ زخمی ہوگیا۔ سی پی او نے نوٹس لیتے ہوئے پولیس عملے کو معطل کردیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ صدر کامونکی کے علاقہ دراجکے کے قریب پولیس وین کی ٹکر سے بچہ احمد زخمی ہوا تو مقامی لوگوں نے واقعہ کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کردی۔
پولیس اہلکاروں نے ڈرائیور کے چھٹی پر جانے کی وجہ سے کم عمر لڑکے کو پولیس وین کی ڈرائیونگ سیٹ پر بٹھا دیا تھا۔
اطلاع ملنے پر سی پی او گوجرانوالہ ڈاکٹر غیاث گل نے نوٹس لیتے ہوئے پولیس وین چلانے والے 15 سالہ لڑکے کے خلاف مقدمہ درج کروادیا۔
سی پی او کے حکم پر پولیس وین کے ڈرائیور، انچارج پولیس چوکی دراجکے اور تھانے کے ایس ایچ او کو بھی معطل کردیا ہے۔