اسلام آباد(فاروق اقدس/نیوزڈیسک ) برطانیہ کی بین الاقوامی ترقی کی وزیر مملکت بیرونس جینی چیپ مین نے اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے اہم شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیاگیا۔علاوہ ازیں برطانیہ اور پاکستان مل کر ہنگامی موسمیاتی صورتحال سے نمٹنےکیلئے ملکرکام کریں گےجبکہ پاک یوکے ایجوکیشن گیٹ وے کے اگلے مرحلے کا بھی آغازکیاگیا ہے۔برطانیہ کی وزیر برائے ترقی بیرونس چیپ مین 8 سالوں میں پہلی بار وفاقی سطح پر پاکستان کیساتھ ترقیاتی تعلقات کا نیاباب شروع کرنے کیلئے تیار ہیں ۔یہ اعلان برطانیہ کی جانب سے ایک جاری کوشش کا حصہ ہے جس کے تحت وہ ترقیاتی ڈونر (عطیہ دہندہ) سے انویسٹر (سرمایہ کار) بننے کی طرف گامزن ہے، اور برطانوی مہارت کا استعمال کرتے ہوئے ممالک کو ان کے وسائل کو زیادہ سے زیادہ مؤثر طریقے سے استعمال کرنے میں مدد فراہم کر رہا ہے، جبکہ اپنے ملک میں بھی ترقی کو یقینی بنا رہا ہے۔