کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں میزبان شاہزیب خانزادہ سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل سے کہیں اور منتقل کرنے کا فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ رہنماتحریک تحفظ آئین پاکستان مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ تمام سیاستدانوں کو آپس میں بیٹھ کر افہام و تفہیم سے راستہ نکالنا چاہئے۔ پروگرام میں نمائندہ جیو نیوز حیدر شیرازی اور شبیر ڈار نے بھی گفتگو کی۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے مزید کہا کہ کسی بھی حکومت کا یہ فوکس نہیں ہوتا کہ ایسے مناظر دیکھے جائیں اس کا فوکس اپنی گورنس پر ہوتا ہے ۔بظاہر یہ سیاسی پارٹی ہیں لیکن عمران خان سیاست چھوڑ چکے ہیں۔ ہم نے کبھی یہ نہیں کہا تھا کہ اپنے لیڈر کو جیل سے نکال کر لے جائیں گے یا ہم نے ملاقاتوں کے لئے دھرنے دئیے ہوں۔ اس سے پہلے بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ کی ملاقاتیں تواتر سے ہوتی رہی ہیں۔ ریاست اور اداروں پر حملے کر کے بانی پی ٹی آئی کس کی خدمت کر رہے ہیں۔