• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: میسی کی ایک جھلک سے محروم مایوس مداح اسٹیڈیم کا قالین گھر لے گیا، ویڈیو وائرل

— اسکرین گریب
— اسکرین گریب

گزشتہ روز ارجنٹینا کے لیجنڈری فٹبالر لیونل میسی کے اعزاز میں کلکتہ کے سالٹ لیک اسٹیڈیم میں منعقدہ تقریب وی آئی پی کلچر کی نظر ہوگئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ’گوٹ ٹور‘ کے تحت کلکتہ کے اسٹیڈیم میں منعقدہ اس تقریب کے دوران شدید بدنظمی نے اس تقریب کا مزہ کرکرا کر دیا۔

انٹر میامی کے اسٹار فٹ بالر کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے سیکڑوں شائقین تقریب کے ہزاروں کے ٹکٹ خرید کر آئے تھے تاہم وزرا، سیکیورٹی اہلکاروں اور خصوصی شخصیات کی میسی کے قریب موجودگی کے باعث اسٹینڈز سے مناسب نظارہ نہ مل سکا۔

تقریب کے دوران پیش آنے والی بدنظمی کے سبب ارجنٹینا کے کھلاڑی کا دورہ صرف 22 منٹ میں اختتام پذیر ہوگیا، جس پر اسٹیڈیم میں موجود مداح مشتعل ہوگئے۔

ایسی ہی ایک مشتعل و مایوس مداح کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جو اپنے بھاری ٹکٹ کی قیمت کی تلافی کے لیے اسٹیڈیم کا قالین اپنے گھر لے گیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ایک مداح اسٹیڈیم کا قالین کندھوں پر اٹھائے نظر آتا ہے، رپورٹر کے سوال پر اس مداح نے کہا کہ میں نے 10 ہزار روپے کا ٹکٹ خریدا، لیکن میسی کا چہرا تک نہیں دیکھ سکا، صرف لیڈروں کے چہرے نظر آئے۔ میں یہ قالین گھر لے جارہا ہوں تاکہ اس پر پریکٹس کر سکوں۔