• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گل پلازہ کی ایک دکان سے 20 سے 25 لاشوں کی باقیات برآمد

کراچی کے گل پلازہ کی ایک دکان سے 20 سے 25 لاشوں کی باقیات برآمد ہوئی ہیں، مرنے والوں نے جان بچانے کے لیے ایک ہی دکان میں پناہ لے کر شٹر گرادیا تھا۔

 ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق 87 لاپتا افراد میں سے 60 افراد کی لاشیں یا باقیات مل چکی ہیں۔

گل پلازہ میں سرچ آپریشن جاری ہے، جس کے دوران میزنائن فلور کی ایک دکان سے 20 سے 25 لاشیں ملیں۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ گل پلازا کے میزنائن سے ملنے والی لاشیں ایک کراکری کی دکان سے ملی ہیں، لوگوں نے خود کو بچانے کیلئے دکان میں بند کرلیا تھا۔

 ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ ان افراد کی آخری موبائل لوکشن بھی اسی جگہ کی آئی تھی۔

ان کا کہنا ہے کہ اطلاع پر تیسرے فلور پر ریسکیو آپریشن وقتی طور پر روکا گیا۔ دکانداروں نے میزنائن فلور پر لوگوں کی موجودگی کی نشاندہی کی گئی تھی۔

عمارت سے ملبہ ہٹانے کا کام روک دیا گیا، پہلے لاشیں نکالی جارہی ہیں، سانحہ گل پلازا سے ملنے والی لاشوں کی تعداد 60 ہوگئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی کا کہنا ہے کہ گل پلازا کے میز نائن فلور سے 20 سے 25 افراد کی باقیات ملی ہیں، کتنے افراد کی باقیات ہیں ڈی این اے کے بعد حتمی بات بتائی جا سکتی ہے۔

ڈی سی ساؤتھ نے کہا کہ ہمارے پاس ڈیٹا موجود ہے کہ کتنے لاپتا افراد دکاندار یا گاہگ تھے، لاپتا افراد میں 50 فیصد سے زیادہ دکاندار تھے، 87 لاپتا افراد میں سے 60 افراد کی لاشیں یا باقیات ملی ہیں۔

تھرمل کیمرے سے سرچ آپریشن جاری

 گل پلازا میں اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کا تھرمل کیمرے سے سرچ آپریشن جاری ہے، حادثے کے مقام پر تھرمل امیجنگ کیمرے کے ذریعے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔

ترجمان ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ متاثرہ مقامات کی تھرمل کیمرے سے اسکیننگ کی جا رہی ہے۔

کراکری دکان کے مالک سلمان کا بیان  

گل پلازا میں کراکری کی دکان کے مالک سلمان کا کہنا ہے کہ ہماری دکان میز نائن فلور پر  ہے، واقعے کے وقت ہمارے کزن اور ملازمین بھی تھے۔

 سلمان کا کہنا ہے کہ دکان میں بڑی تعداد میں خواتین اور دیگر افراد بھی موجود تھے۔

پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس اب تک دو دکانوں سے 21 باقیات لائی گئی ہیں، ہم ابھی کنفرم نہیں کر سکتے کہ یہ 21 لاشیں ہی ہیں یا کتنے افراد کی باقیات ہوسکتی ہیں، آج صبح سے سول اسپتال میں صرف باقیات ہی لائی گئی ہیں۔

کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ ہمارے ڈیٹا کے مطابق 86 افراد لاپتہ ہیں۔

قومی خبریں سے مزید