• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپانی خصوصی بچوں کا ’دل دل پاکستان‘ پر رقص، ویڈیو وائرل

— اسکرین گریب
— اسکرین گریب

پاکستان کا ہر شہری میوزیکل بینڈ وائٹل سائنز کے مقبول ترین ملی نغمے دل دل پاکستان سے بخوبی واقف ہے، جو پہلی بار 1990 کی دہائی میں ٹی وی اسکرینز پر نشر ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے مقبولیت کی بلندیوں کو چھو گیا۔

یہ ملی نغمہ اپنی دلکش دھن اور حب الوطنی کے جذبات کے باعث پوری قوم کے دل کے اس قدر قریب ہے کہ اسے پاکستان کا ’دوسرا قومی ترانہ‘ بھی قرار دیا جاتا ہے، جو آج بھی دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان سمجھا جاتا ہے۔

حال ہی میں سید علی جوہر زیدی نامی انسٹاگرام صارف کی ایک ویڈیو خوب وائرل ہو رہی ہے، جس میں اس لازوال نغمے پر جاپانی اسپیشل افراد کے ایک گروہ کو ڈانس کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

انسٹاگرام پر وائرل ویڈیو میں جاپان سے تعلق رکھنے والے خصوصی افراد کے ایک گروپ نے وائٹل سائنز کے پاکستانی کلاسک ملی نغمے ’دل دل پاکستان‘ پر ایک پُرجوش اور خوشگوار پرفارمنس پیش کی، جس نے دیکھنے والوں کے چہروں پر خوشی بکھیر دی۔

اس خوبصورت ڈانس پرفارمنس نے نا صرف نغمے کی عالمگیر مقبولیت کو اُجاگر کیا بلکہ سرحدوں سے ماورا پاکستان سے محبت کے جذبات کو بھی خوبصورتی سے پیش کیا۔