سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بسنت کے موقع پر حکومتِ پنجاب نے شہریوں کو خصوصی ماحولیاتی ریلیف فراہم کیا ہے۔
لاہور سے جاری کیے گئے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ لاہور میں ہوا کی رفتار سست ہے، ایئر کوالٹی انڈیکس 192ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ جدید ڈیٹا، سائنسی ماڈلز اور ٹیکنالوجی سے اسموگ کنٹرول میں پیش رفت ہوئی ہے۔
مریم اورنگزیب نے بتایا ہے کہ بسنت کےموقع پر حکومتِ پنجاب نے لاہور کے شہریوں کے لیے 3 دن 6 سے 8 فروری تک مفت پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی ہے، انہیں بس، میٹرو بس اور اورنج لائن میٹرو ٹرین 3 دن بلا معاوضہ دستیاب ہوں گی۔
انہوں نے ذاتی گاڑیوں کے کم استعمال کی اپیل کرتے ہوئے شہریوں سے کہا ہے کہ اجتماعی سفر کو ترجیح دی جائے۔
مریم اورنگزیب نے بتایا ہے کہ ٹریفک کے دباؤ کم کرنے اور فضائی آلودگی گھٹانے کے لیے مشترکہ اقدامات کر رہے ہیں، آلودگی کے ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس سسٹمز فعال ہیں۔
سینئر صوبائی وزیر نے یہ بھی بتایا ہے کہ ڈرون سرویلنس سے فیکٹریوں، بھٹوں اور گاڑیوں کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔