میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے گل پلازا کے دکانداروں کو ریلیف دینے کا اعلان کر دیا۔
ترجمان کے ایم سی کے مطابق رمضان المبارک میں گل پلازا کے متاثرین کو بلا معاوضہ 1200 اسٹالز لگا کر دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پولو گراؤنڈ میں اسٹال لگانے کی اجازت دی گئی ہے، پیپلز پارٹی، سندھ حکومت اور کے ایم سی سانحۂ گل پلازا متاثرین کے ساتھ ہے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک تاجروں کا سیزن ہوتا ہے جس میں ان کی ہر ممکن مدد کریں گے، پیپلز پارٹی سانحۂ گل پلازا کے متاثرین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
اس سے قبل آج وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے یقین دہانی کروائی ہے کہ سانحۂ گل پلازا میں دکانداروں کے نقصان کا ازالہ کریں گے، 2 سے 3 ہفتوں میں دکانداروں کو امدادی رقم فراہم کر دی جائے گی۔
انہوں نے گل پلازا کے سانحے میں جاں بحق افراد کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ گل پلازا میں جو لوگ شہید ہوئے ہیں اللّٰہ تعالیٰ انہیں جنت میں اعلیٰ مقام عطاء فرمائے، سانحے کے شہداء کے لواحقین کو امدادی رقم کی تقسیم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی چیمبر نے گل پلازا کے دکانداروں کی فہرست فراہم کی ہے، جبکہ متاثرہ دکانداروں کو فی کس 5، 5 لاکھ روپے کی امداد دینا شروع کر دی گئی ہے، متاثرین کے کاروباری سامان کے نقصان کا تخمینہ لگا کر ادائیگیاں کی جائیں گی۔