وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے یقین دہانی کروائی ہے کہ سانحۂ گل پلازا میں دکانداروں کے نقصان کا ازالہ کریں گے، 2 سے 3 ہفتوں میں دکانداروں کو امدادی رقم فراہم کر دی جائے گی۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 21 ویں مائی کراچی نمائش کا افتتاح کر دیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کورونا کی وباء کے دوران صرف 1 سال ایسا گزرا جب اس نمائش کا انعقاد نہیں ہو سکا۔
انہوں نے گل پلازا کے سانحے میں جاں بحق افراد کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ گل پلازا میں جو لوگ شہید ہوئے ہیں اللّٰہ تعالیٰ انہیں جنت میں اعلیٰ مقام عطاء فرمائے، سانحے کے شہداء کے لواحقین کو امدادی رقم کی تقسیم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی چیمبر نے گل پلازا کے دکانداروں کی فہرست فراہم کی ہے، جبکہ متاثرہ دکانداروں کو فی کس 5،5 لاکھ روپے کی امداد دینا شروع کر دی گئی ہے، متاثرین کے کاروباری سامان کے نقصان کا تخمینہ لگا کر ادائیگیاں کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ اس سال جون تک 10 ارب روپے صنعتی انفرااسٹرکچر پر خرچ کیے جائیں گے اور صنعتی ایسوسی ایشنز خود منصوبوں پر کام کریں، کابینہ نے میئر کراچی کو 18 ارب روپے دینے کی منظوری دی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سانحۂ گل پلازا میں جن لوگوں کا نقصان ہوا ہے، سندھ حکومت کی کوشش ہے کہ ان کا ازالہ کیا جائے، ایسے سانحات سے محفوظ رہنے کے لیے ہر شخص کے تعاون کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کراچی چیمبر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہماری مدد کی، گل پلازا میں جن دکانداروں کا سامان جل گیا ہے، اس کا جائزہ لیا جائے گا اور 2 سے 3 ہفتوں میں دکانداروں کو امدادی رقم فراہم کر دی جائے گی۔