وفاقی وزارتِ مذہبی امور کے مطابق سعودی حج ویزا بائیو میٹرک کروانے کے آخری 2 دن باقی ہیں۔
ترجمان وزارتِ مذہبی امور کا کہنا ہے کہ عازمین حج ویزا کے حصول کے لیے 8 فروری تک لازمی بائیو میٹرک کروا لیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ عازمینِ حج گھر بیٹھے سعودی ویزا بائیو ایپ کے ذریعے بائیو میٹرک مکمل کر سکتے ہیں، تاہم عازمینِ حج کی سہولت کے لیے ملک بھر میں تمام سعودی تاشیر سینٹرز آج اور کل (بروز ہفتہ و اتوار) صبح 9 تا شام 5 بجے تک کھلے رہیں گے۔
ترجمان وزارتِ مذہبی امور نے کہا کہ سعودی ویزا بائیو میٹرک کے بغیر حج ویزا کا حصول ممکن نہیں ہو گا، عازمین حج بائیو میٹرک کا عمل مکمل کر کے تصدیقی ای میل محفوظ رکھیں۔
واضح رہے کہ 8 فروری تک بائیو میٹرک نہ کرانے پر حج ویزا نہیں لگے گا۔
پاکستان کے لیے 2026ء کا حج کوٹہ 1 لاکھ 79 ہزار 210 ہے جبکہ پرائیویٹ اسکیم کے لیے 60 ہزار نشستیں مختص کی گئی ہیں۔