اسلام آباد (رانا غلام قادر) گورنمنٹ حج سکیم کے تحت حج ویزے لگانے کا عمل شروع کردیا گیا ،وزارت مذہبی امور کی عازمین کو سعودی ویزا بائیو ایپ میں ہدایات کے مطابق بائیو میٹرک مکمل کرنیکی ہدایت ، سعودی حکومت کی ویزہ پراسس 20اپریل تک مکمل کرنیکی ڈیڈ لائن، وزارت مذہبی امور کے حج ونگ کی چھٹیاں منسوخ ،سعودی حکومت نے حج ویزے لگانے کا پراسیس 20اپریل تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے۔ وزارت مذہبی امور نے سرکاری حج سکیم کے تحت جانے والے عازمین حج سے کہا ہے کہ وہ سعودی ویزا بائیو ایپ میں سعودی ہدایات کے مطابق اپنی بائیو میٹرک مکمل کریں۔ وزارت نے واضح کیا ہے کہ بائیو میٹرک کے بغیر حج کا ویزا نہیں لگ سکے گا۔ اس لئے اس کام کو جلد از جلد مکمل کریں۔ اس کے علاوہ اگر آپ نے اپنی حالیہ تصویر سفید بیک گرائونڈ کے ساتھ اور اپنے پاسپورٹ کی سکین (Scan) کاپی پاک حج موبائل ایپ پر اپلوڈ نہیں کی تو فوراً یہ کام بھی مکمل کریں تاکہ آپ کا حج کا ویزا بروقت لگایا جاسکے۔ یاد رہے کہ عازمین حج کا ای میل اکائونٹ ہونا ضروری ہے۔ پہلے سعودی ویزا ایپ ڈائون لوڈ کی جائے۔ پاسپورٹ سکین کریں، فنگرز اور انگوٹھا سکین کریں، چہرہ سکین کریں۔ بائیو میٹرک تصدیق کریں۔