وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل پہنچے جہاں انہوں نے شہید کیپٹن عباس خان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔
وفاقی وزیر داخلہ مختصر دورے پر لنڈی کوتل پہنچے جہاں وہ کنڈوخیل میں واقع شہید کیپٹن عباس خان کی رہائش گاہ گئے اور اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔
وفاقی وزیر داخلہ کے ہمراہ انسپکٹر جنرل (آئی جی) فرنٹیئر کور (ایف سی) نارتھ عمران تاج اور ڈپٹی کمشنر خیبر شاہد اقبال بھی موجود تھے۔
اس موقع پر محسن نقوی نے شہید کے والد اور بھائیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور شہید کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ کیپٹن عباس خان کی قربانی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے اور وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی۔
انہوں نے شہید کے اہلِ خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔
واضح رہے کہ شہید کیپٹن عباس خان تین روز قبل وادی تیراہ میں پیش آنے والے واقعے کے دوران کاپٹر ڈرون سے فائر کیے گئے گولے کے پھٹنے سے شہید ہو گئے تھے۔