پاکستان اور بھارت کے میچ کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوگیا۔ دل کی دھڑکنیں تیز ہوگئیں۔ دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا اور سنسنی خیز مقابلہ ایک بار پھر شائقین کو اپنی گرفت میں لینے کیلئے تیار ہے۔
ورلڈکپ 2026 کے سب سے ہائی وولٹیج میچ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت اتوار کو سری لنکا کی سرزمین پر آمنے سامنے ہوں گے۔
اس تاریخی مقابلے کی میزبانی کولمبو کا پریما داسا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کرے گا، جہاں دنیا بھر کے کروڑوں شائقین کی نظریں اس میچ پر مرکوز ہیں۔
روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ کی یہ سنسنی خیز جنگ پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگی جو پاکستان کے پہلے اسپورٹس چینل جیو سوپر پر براہِ راست نشر کی جائے گی۔
دوسری طرف جیو نیوز نے بھی شائقین کرکٹ کا جوش و خروش بڑھانے کیلئے خصوصی نشریات کا اہتمام کیا ہے۔
پاکستان اور بھارت کے کروڑوں ناظرین یہ جاننے کیلئے بےقرار ہیں کہ اس وقت کس ٹیم کا پلڑا بھاری ہے، پاکستان کے کونسے اسپنرز بھارت کو دبوچنے میں کامیاب ہو جائیں گے تو کونسے بلے باز اپنی بلے سے چوکوں اور چھکوں کی بارش کریں گے۔
اِن تمام سوالوں کے جواب دینے کیلئے اِس خصوصی نشریات میں پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں اور تجزیہ کاروں کو ایک جگہ جمع کرکے سب سے بڑی کرکٹ ٹرانسمیشن کا خصوصی طور پر اہتمام کیا گیا ہے جس میں کرکٹ کے نامور پنڈت اور ماہرین اپنا تجزیہ پیش کریں گے۔
کرکٹ کے ہر لمحے سے ناظرین کو باخبر رکھنے کیلئے یہ نشریات تمام دِن جیو نیوز پر جاری رہیں گی۔