• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی سی سی کی جیو سوپر اور مائکو کو 2027 تک نشریاتی حقوق دینے کی تصدیق

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کے پہلے اسپورٹس چینل جیو سوپر اور مائکو کو 2027 تک نشریاتی حقوق دینے کی تصدیق کر دی۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی وی، جیو سوپر اور مائکو نے آئی سی سی ایونٹس کے ٹیلی ویژن رائٹس حاصل کرلیے ہیں جبکہ مائکو نے نشریات کے ڈیجیٹل رائٹس بھی حاصل کرلیے ہیں۔

پاکستان کا پہلا اسپورٹس چینل جیو سوپر پاکستان سمیت دنیا بھر میں اپنے صارفین کو اب آئی سی سی ایونٹس کے مقابلے براہ راست دکھائے گا۔ 

اس معاہدے کے تحت 3 مینز سینئر ٹورنامنٹس اور 2 ویمنز سینئر ٹورنامنٹس کے ساتھ انڈر 19 ایونٹس بھی نشر کیے جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ کی سب سے پُرجوش اور متحرک مارکیٹوں میں سے ایک ہے، سی ای او آئی سی سی 

اس حوالے سے آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا کا کہنا ہے کہ ہمیں پاکستان میں میڈیا کے حقوق کے اس نئے معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے، پاکستان کرکٹ کی سب سے پُرجوش اور متحرک مارکیٹوں میں سے ایک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پی ٹی وی کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے، مائکو اور دیگر ڈیجیٹل پارٹنرز کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔

ہم آئی سی سی کرکٹ ٹی وی پر لانے کیلئے انتہائی پُرجوش ہیں، مینجنگ ڈائریکٹر مائکو

دوسری جانب مائکو کے مینجنگ ڈائریکٹر عثمان معصوم نے کہا ہے کہ ہم جیو سوپر کے اسٹریٹجگ پارٹنر کی حیثیت سے آئی سی سی کرکٹ ٹیلی ویژن پر لانے کےلیے انتہائی پرجوش ہیں۔

انہوں نے آئی سی سی ایونٹس کے رائٹس ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری توجہ جدت، رسائی اور صارف کے غیرمتزلزل تجربات کی تخلیق پر ہے، اور یہ شراکت ہمیں ملک بھر میں لاکھوں شائقین تک بہترین کرکٹ مواد فراہم کرنے کی اجازت دیتی ہے۔

آئی سی سی ایونٹ

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 بھارت اور سری لنکا میں شیڈول ہے جبکہ آئی سی سی ورلڈ ٹسیٹ چیمپئن شپ کا فائنل بھی 2027 میں انگلینڈ میں ہوگا۔

اس کے علاوہ 2027 میں آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ بھی جنوبی افریقہ اور زمبابوے میں شیڈول ہے۔

آئی سی سی خواتین کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں انگلینڈ میں ہوگا جبکہ ٹی ٹوئنٹی چیمپئنز ٹرافی 2027 میں سری لنکا میں شیڈول ہے اور انڈر19 خواتین کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ بھی 2027 میں بنگلادیش اور نیپال میں ہونا ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید