کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں فیکٹری میں آگ لگ گئی۔
فائر بریگیڈ کے مطابق فائر بریگیڈ کی 2 گاڑیاں ولیکا چورنگی کے قریب فیکٹری میں لگنے والی آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ کیمیکل کی فیکٹری میں لگی ہے۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق فیکٹری میں کوئی شخص موجود نہیں ہے۔
ڈی سی کیماڑی کا کہنا ہے کہ سائٹ ایریا کی فیکٹری میں لگنے والی آگ تیسرے درجے کی ہے۔ فیکٹری میں کیمیکل کافی زیادہ موجود ہے، پیٹرول پمپ بھی قریب ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کوشش ہے کہ آگ کو پھیلنے سے روکیں، لوہے کی چھت کا حصّہ گرا ہے۔ آگ بجھانے کے لیے فوم کا استعمال کیا جارہا ہے، کوشش ہے آگ کو فوری طور پر کنٹرول کرلیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی شخص کو اندر آنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ پولیس اور رینجرز کی مزید نفری مزید طلب کی ہے۔ فیکٹری کے اندر فائر سیفٹی سسٹم ہے لیکن غیر فعال ہے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سائٹ ایریا کی فیکٹری میں آگ لگنے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی کو تحقیقات کا حکم دے دیا۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے میئر اور کمشنر کراچی کو ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی ہدایت کی اور کہا کہ بتایا جائے کیمیکل فیکٹری میں آگ لگنے کی وجوہات کیا تھیں؟