• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر فتنہ الخوارج کا حملہ، لیفٹیننٹ کرنل اور سپاہی شہید

بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر فتنہ الخوارج کے حملے میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل اور ایک سپاہی شہید ہوگئے۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کو خودکش بمبار کی گاڑی کی اطلاع ملی تھی، خفیہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز علاقے میں آپریشن کر رہی تھیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر فتنہ الخوارج نے حملہ کر دیا اور خوارج نے بارود سے بھری گاڑی سیکیورٹی فورسز کی ایک گاڑی سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گلفراز اور سپاہی کرامت شاہ شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا کہ اس دوران فورسز کے آپریشن میں 5 خوارج بھی مارے گئے۔ طالبان حکومت افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال سے روکنے میں ناکام ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ ماہ مقدس میں بھی خوارج کی افغانستان سے پاکستان میں دہشت گردانہ سرگرمیاں جاری ہیں، دہشت گردوں کے ماہ رمضان کے تقدس کے پامال سے واضح ہے ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان خوارج کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے گا، سیکیورٹی فورسز کی ’عزمِ استحکام‘ کے تحت انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی، بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے غیرمتزلزل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

قومی خبریں سے مزید