بیلجیئم کے شہر برسلز میں دارالعلوم جامعہ اسلامیہ مولن بیک کی زیرِ نگرانی پاکستانی کمیونٹی کے نوجوانوں کے لیے ایک فکری، اصلاحی اور تربیتی نشست کا اہتمام کیا گیا۔
نشست کی صدارت مسجد کے امام و خطیب حضرت علامہ محمد جنید ایوب نقشبندی نے کی، یہ سیشن ہر 2 ہفتے بعد باقاعدگی سے منعقد کیا جاتا ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو درپیش دینی، اخلاقی، سماجی اور معاشرتی مسائل کو سننا اور ان کا عملی حل پیش کرنا ہے۔
یہ نشست 21 فروری کو منعقد ہوئی جس میں پاکستانی نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، سیشن کی خاص بات یہ تھی کہ نوجوانوں کو کھل کر بات کرنے کا موقع دیا گیا اور ان کے مسائل کو بغور سنا گیا اور پھر دوستانہ ماحول میں ان پر بامقصد گفتگو کی گئی۔
نوجوانوں کی فکری رہنمائی کرتے ہوئے انہیں اخلاقی مضبوطی، مثبت سوچ اور معاشرے میں مؤثر کردار ادا کرنے کی تلقین کی گئی۔
نشست کے دوران سوال و جواب کا سلسلہ بھی جاری رہا جس سے نوجوانوں کو اپنے ذہنی ابہامات دور کرنے میں مدد ملی۔
منتظمین کے مطابق ایسے سیشنز کا مقصد نوجوان نسل کو تنہائی، ذہنی دباؤ اور غلط رجحانات سے بچانا اور انہیں دینی و سماجی اقدار سے جوڑنا ہے۔
شرکاء نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے آئندہ بھی ایسے پروگرامز کے تسلسل کی خواہش ظاہر کی۔