برسلز (عظیم ڈار) جشن میلاد النبیﷺ کی مناسبت سے ایک عظیم الشان جلوس بلجیم کے دارالحکومت برسلز کے علاقہ مولن بیک سے مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ نکالا گیا،میلاد النبیﷺ کے جلوس میں برطانیہ کے شہر بریڈ فورڈ سے علامہ مولانا محمد حنیف ساقی ، معروف نعت خواں حافظ خلیل سلطان نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ جلوس نماز عصر کے وقت شروع ہوا، بلجیم بھر سے عاشقان مصطفیٰ نے بھرپور شرکت کی ،مہمانوں کی تواضع کےلیے مولن بیک پلس میں میونسپل کمیٹی کی جانب سے اسٹالز بھی لگائے گئے ، سموسے، چنے ،حلوا پوری، کھیر اور دیگر مشروبات مہمانوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے، جلوس میں پولیس اور سیکورٹی کے انتظامات مولن بیک کی سابق پولیس کونسلر شازیہ منظور نے احسن طریقے سے سرانجام دیئے۔ برسلز کی فضائیں نعرہ تکبیر اللہ اکبر، مرحبا مرحبا یا رسول اللہ کے نعروں سے گونجتی رہیں، جلوس میں پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ مراکش کے ثناء خوانوں اور دیگر افراد نے بھی شرکت کی۔ بعد ازاں دارالعلوم جامع اسلامیہ مولن بیک برسلز میں میلاد النبی ﷺکانفرنس منعقد ہوئی جس میں مہمان خصوصی سمیت مقامی علماء نے رسول ﷺکی سیرت اور اسوۂ حسنہ پر خطابات کئے اس موقع پر نبی اکرمﷺ کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت بھی پیش کیے گئے۔ واضح رہے یہ جلوس پچھلے 20برس سے مولن بیک کی مختلف شاہراؤں سے پولیس کی نگرانی میں انعقاد پزیر ہوتا ہے۔ جامعہ اسلامیہ مولن بیک کی انتظامیہ جلوس کے تمام انتظامات اور امور کو سرانجام دیتی ہے۔ جلوس مولن بیک پلس بیتر سے شروع ہوکر اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا دارالعلوم جامع اسلامیہ مولن بیک برسلز پر اختتام پزیر ہوتا ہے۔