دفاعی چیمپئن بھارت نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں زمبابوے کو 72 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں برقرار رکھیں اور حریف ٹیم کو ایونٹ سے باہر کر دیا۔
چنئی میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 256 رنز بنائے، جو ٹی20 ورلڈ کپ کی تاریخ کا دوسرا بڑا اسکور ہے، اس سے قبل 2007ء میں سری لنکا نے 260 رنز بنائے تھے۔
بھارت کی جانب سے ابھیشیک شرما نے 30 گیندوں پر 55 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 4 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے، ہاردک پانڈیا نے 23 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی اور آخری گیند پر چھکا جڑ کر ٹیم کا مجموعہ 256 تک پہنچایا، جبکہ تلک ورما نے 16 گیندوں پر ناقابلِ شکست 44 رنز اسکور کیے۔
ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کے اوپنر برائن بینیٹ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 59 گیندوں پر 97 رنز بنائے، تاہم انہیں دیگر بیٹرز کا ساتھ نہ مل سکا، سکندر رضا 31 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں اسکورر رہے۔
بھارت اس وقت 2 پوائنٹس کے ساتھ ویسٹ انڈیز کے برابر ہے، اگر بھارت اتوار کو کولکتہ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنا آخری سپر 8 میچ جیت لیتا ہے تو وہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گا۔
دوسری جانب جنوبی افریقا پہلے ہی اپنے تمام میچ جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنا چکا ہے، جبکہ انگلینڈ بھی ایک میچ قبل ہی آخری 4 ٹیموں میں شامل ہو چکا ہے۔