• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیلی ایف-35 لڑاکا طیارے نے پہلی بار ایرانی یاک -130 طیارے کو کیسے مار گرایا، ویڈیو جاری

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو 

اسرائیلی افواج نے لڑاکا طیارے F-35I ادیر کے ذریعے ایرانی فضائیہ کے یاک 130 طیارے کو مار گرانے کی ویڈیو جاری کردی۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کردہ 16 سیکنڈ کے کلپ میں ان لمحات کو قید کیا گیا ہے جب اسرائیلی پائلٹ نے ایف-I35 طیارے سے ایرانی طیارے کو نشانہ بنایا۔ 

اسرائیلی فضائیہ کے مطابق یہ ادیر طیارے کی انسانی تاریخ میں پہلی فضا سے فضا میں ہونے والی لڑائی میں کسی پائلٹ والے طیارے کو مار گرانے کی کارروائی ہے۔

جاری کردہ بلیک اینڈ وائٹ ویڈیو میں پائلٹ کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ میں نے حملہ کر دیا ہے، ہدف نشانہ بن چکا ہے، ہم کارروائی جاری رکھیں گے۔

حالیہ ایران اسرائیل کشیدگی کے دوران پیش آنے والے اس واقعے کی مذکورہ ویڈیو اسرائیلی فضائیہ کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے جاری کی گئی ہے۔

اسرائیلی افواج کے مطابق تقریباً 40 برس بعد پہلی بار اسرائیلی فضائیہ نے کسی پائلٹ والے دشمن طیارے کے ساتھ براہ راست فضائی لڑائی کی ہے۔

اسرائیل نے ایک آڈیو کلپ بھی جاری کیا ہے جس میں مبینہ طور پر اسرائیلی فضائیہ کے کمانڈر ٹومر بار اور ایف-I35 پائلٹ کے درمیان ایرانی طیارہ مار گرانے کے بعد گفتگو سنائی جاسکتی ہے۔

آڈیو میں ایک آواز کہتی ہے کہ ایرانی فضا میں یہ تاریخی کامیابی اسرائیلی فضائیہ کی طاقت اور آپ کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ مجھے آپ سب پر فخر ہے۔ اگلا مشن پہلے ہی آپ کا منتظر ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل کے جنگی جہاز F-35I نے تہران میں ایرانی طیارہ Yak-130 مار گرایا ہے، یہ F-35I کی جانب سے انسانی پائلٹ والا دشمن طیارہ تباہ کرنے کا پہلا واقعہ ہے۔

اس واقعے کی تصدیق اسرائیلی دفاعی افواج نے 4 مارچ کو کی اور بتایا کہ امریکی ساختہ اسٹیلتھ لڑاکا طیارے نے روسی ڈیزائن شدہ ایرانی Yak-130 کو تباہ کر دیا۔