• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خالی پیٹ لوکی کا جوس پینا مفید یا نقصان دہ؟

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

لوکی سے بنا جوس صحت کے لیے مفید سمجھا جاتا ہے اور آیوروید میں اسے جسم کو ٹھنڈک پہنچانے، معدے کی صحت بہتر بنانے، لُو سے بچانے اور پانی کی کمی دور کرنے والا مشروب قرار دیا جاتا ہے۔ 

ماہرین کے مطابق لوکی تقریباً 96 فیصد پانی پر مشتمل ہوتی ہے اور اس میں کیلوریز کم جبکہ فائبر، پوٹاشیئم اور وٹامن سی مناسب مقدار میں موجود ہوتا ہے۔

لوکی کا جوس خالی پیٹ پینے کے ممکنہ فوائد

غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ صبح نہار منہ لوکی کا تازہ جوس پینے سے جسم اسے تیزی سے جذب کر لیتا ہے جس سے ہاضمہ بہتر ہوتا ہے اور معدے کو سکون ملتا ہے۔

اہم فوائد:

ہاضمہ بہتر بناتا ہے: فائبر اور پانی کی زیادہ مقدار قبض، تیزابیت اور اپھار میں کمی کے لیے مددگار ہو سکتی ہے۔

وزن کم کرنے میں مددگار: کم کیلوریز اور زیادہ فائبر کی وجہ سے پیٹ جَلد بھرنے کا احساس ہوتا ہے جس سے زیادہ کھانے سے بچاؤ ممکن ہوتا ہے۔

بلڈ پریشر متوازن رکھنے میں مددگار: پوٹاشیئم جسم میں سوڈیئم کی مقدار کو متوازن رکھنے میں کردار ادا کرتا ہے جس سے بی پی کنٹرول میں رہتا ہے۔

جسم کی صفائی: ماہرین کے مطابق یہ جگر اور گردوں کے افعال کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔

جِلد کے لیے فائدہ مند: وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹس جلد کی صحت اور نمی برقرار رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔

پینے کا بہترین وقت

غذائی ماہرین کے مطابق لوکی کا جوس صبح نہار منہ پینا زیادہ مفید سمجھا جاتا ہے کیونکہ اس وقت جسم کو پانی اور غذائیت کی ضرورت زیادہ ہوتی ہے۔

اس کے علاوہ دوپہر کے کھانے سے 20 سے 30 منٹ پہلے بھی اسے پیا جا سکتا ہے۔

کتنی مقدار مناسب ہے؟

ماہرین کا کہنا ہے کہ ابتدا میں روزانہ 100 سے 200 ملی لیٹر جوس سے آغاز کریں، زیادہ سے زیادہ مقدار 250 ملی لیٹر تک رکھی جائے۔

ابتدا میں ہفتے میں دو سے تین بار پینا بہتر ہے اور برداشت کے مطابق مقدار بڑھائی جا سکتی ہے۔

ممکنہ نقصانات اور احتیاط

لوکی کا جوس فائدہ مند ہونے کے باوجود غلط طریقے سے استعمال کرنے پر نقصان دہ ثابت بھی ہو سکتا ہے۔

اگر لوکی کڑوی ہو تو اس کا جوس خطرناک ثابت بھی ہو سکتا ہے، اس میں موجود زہریلا مادہ شدید الٹی، پیٹ درد اور اسہال کا سبب بن سکتا ہے۔

حد سے زیادہ جوس پینے سے معدے میں درد، متلی یا دست ہو سکتے ہیں۔

پوٹاشیئم زیادہ ہونے کی وجہ سے بلڈ پریشر مزید کم ہو سکتا ہے اس لیے کم بلڈ پریشر والے افراد اس کا احتیاط سے استعمال کریں۔

غذائی ماہرین کی جانب سے مشورہ دیا گیا ہے کہ لوکی کا جوس ہمیشہ تازہ اور میٹھی لوکی سے تیار کیا جائے جبکہ حاملہ خواتین، بزرگ اور بچے اسے استعمال کرنے سے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔


نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کیلئے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

صحت سے مزید