• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رابعہ فاطمہ

اکیسویں صدی کو’’ٹیکنالوجی کی صدی‘‘ قرار دیا جاتا ہے، جہاں انسانی زندگی سہولت، رفتار اور معلومات کی فراوانی کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چُکی ہے۔ ڈیجیٹل آلات، سوشل میڈیا اور مصنوعی ذہانت نے بظاہر فرد اور معاشرے کا باہمی تعلق مضبوط کیا ہے، مگر اِس ظاہری قربت کے پسِ پردہ ایک گہرا نفسیاتی اور سماجی بحران جنم لے رہا ہے۔

انسان، جو فطری طور پر سماجی وجود رکھتا ہے، آج مجمعے میں تنہا اور رابطوں کے ہجوم میں تنہائی کا شکار دِکھائی دیتا ہے اور یہ تنہائی محض جذباتی کیفیت نہیں، بلکہ ایک پیچیدہ نفسیاتی، سماجی اور ثقافتی مسئلہ ہے، جو جدید معاشروں کی ساخت کو اندر سے متاثر کر رہا ہے۔ سماجیات اور نفسیات کے جدید مطالعات اِس حقیقت کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ ٹیکنالوجی نے انسانی تعلقات کی نوعیت تبدیل کر دی ہے۔

جسمانی موجودگی، مکالمے اور جذباتی وابستگی کی جگہ اسکرین، الگورتھم اور ورچوئل تعامل نے لے لی ہے۔ نتیجتاً فرد کے اندر تعلق کا احساس کم زور، شناخت غیر یقینی اور سماجی وابستگی سطحی ہوتی جا رہی ہے۔ یہ صُورتِ حال نہ صرف فرد کی ذہنی صحت پر اثر انداز ہوتی ہے بلکہ خاندان، تعلیمی اداروں اور سماجی ڈھانچے میں بگاڑ کا باعث بھی بنتی ہے۔ عصرِ حاضر میں ٹیکنالوجی نے انسان کی زندگی کا ہر پہلو تبدیل کیا ہے۔ 

یہ تبدیلیاں صرف سہولت اور تیز رفتاری تک محدود نہیں، بلکہ فرد کے نفسیاتی حالات اور سماجی تعلقات پر بھی گہرے اثرات مرتب کر رہی ہیں۔ جدید معاشروں میں موبائل فون، سوشل میڈیا اور آن لائن کمیونی کیشن نے موجودگی اور رشتے داری کے تصوّرات کو نئی جہت دی ہے، لیکن اس نے فرد کو ذاتی تنہائی اور سماجی علیٰحدگی کے بڑھتے رجحان سے بھی دوچار کیا ہے۔

انسانی فطرت، جو بنیادی طور پر تعلقات اور سماجی تعاون پر منحصر ہے، اب ڈیجیٹل روابط کی سطح پر محدود ہو رہی ہے، جس سے نفسیاتی تناؤ اور سماجی اضطراب پیدا ہوتا ہے۔ نفسیاتی علوم میں اس رجحان کو’’Digital Loneliness‘‘ یا’’ڈیجیٹل تنہائی‘‘ کے طور پر بیان کیا گیا ہے۔ تحقیق سے پتا چلا کہ جو افراد سوشل میڈیا اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر زیادہ وقت گزارتے ہیں، اُن کے حقیقی سماجی تعلقات کم زور پڑ جاتے ہیں اور تنہائی کے احساسات میں اضافہ ہوتا ہے۔

یہ تجربہ صرف نوجوانوں یا طلبہ تک محدود نہیں، بلکہ ہر عُمر کے افراد میں دیکھنے کو ملتا ہے، جو خود کو جسمانی طور پر معاشرت سے جُڑا محسوس نہیں کرتے۔ سماجی نظریات کے مطابق معاشرتی تعلقات کی کمی نہ صرف فرد کی ذہنی صحت پر اثرانداز ہوتی ہے، بلکہ اجتماعی ہم آہنگی اور اعتماد کا نظام بھی متاثر کرتی ہے۔

ابنِ خلدون کی فکر کے مطابق معاشرہ اُس وقت مستحکم رہتا ہے، جب افراد میں باہمی اعتماد، تعلق اور شفافیت موجود ہو۔ جدید ٹیکنالوجی کے تحت روابط زیادہ سطحی اور وقتی ہو چُکے ہیں، جو فرد کو عارضی تسکین تو دیتی ہے، لیکن دیرپا تعلقات کی تشکیل میں ناکام ہے۔ ٹیکنالوجی زدہ معاشرہ فرد کے وقت، توجّہ اور احساسات پر بھی تسلّط حاصل کر لیتا ہے۔ 

مستقل نوٹی فیکیشنز، اطلاعات اور ڈیجیٹل مشغولیات انسان کے دماغ کو بار بار منتشر کرتی ہیں، جس سے ذہنی دباؤ، اضطراب اور ادراک میں کمی پیدا ہوتی ہے۔ نفسیات دان ڈاکٹر شریل ٹرائڈا کے مطابق، اِس قسم کا مسلسل ڈیجیٹل دخل اور اطلاعات کی ہجوم کی کیفیت "Cognitive Overload" پیدا کرتی ہے، جو فرد کی توجّہ، یادداشت اور سماجی تعلقات پر منفی اثرات مرتّب کرتی ہے۔

ڈیجیٹل تنہائی اور نفسیاتی اثرات:

جدید ٹیکنالوجی کے بڑھتے استعمال نے انسانی تنہائی کے احساس کو ایک نئے اور پیچیدہ رنگ میں تبدیل کر دیا ہے۔ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، موبائل ایپس اور سوشل میڈیا نے فرد کو بظاہر عالمی سطح پر جُڑنے کی سہولت دی ہے، لیکن اِس جڑت کی نوعیت سطحی اور وقتی ہے۔ نفسیاتی تحقیق کے مطابق، حقیقی تعلقات کی غیر موجودگی یا کم زور رابطوں کی وجہ سے’’Social Isolation‘‘ اور ’’Emotional Loneliness‘‘ کے احساسات میں اضافہ ہوتا ہے۔ 

یہ احساسات فرد کی فکری کارکردگی، جذباتی استحکام اور معاشرتی تعلقات پر گہرے منفی اثرات مرتّب کرتے ہیں۔ ییل یونیورسٹی کے ایک مطالعے (2022ء) کے مطابق جو نوجوان دن میں تین گھنٹے سے زیادہ سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں، اُن میں افسردگی، اضطراب اور خود اعتمادی کی کمی کے امکانات دیگر افراد کے مقابلے میں تقریباً40 فی صد زیادہ ہیں۔ یہ رجحان ثابت کرتا ہے کہ ڈیجیٹل رابطے انسانی جذبات اور نفسیاتی استحکام کے لیے حقیقی تعلقات کا متبادل نہیں بن سکتے۔ 

تنہائی کے یہ نفسیاتی اثرات صرف احساس کے لحاظ سے نہیں، بلکہ جسمانی اور دماغی سطح پر بھی محسوس کیے جاتے ہیں۔ مسلسل ڈیجیٹل مشغولیت، نیند کے معمولات میں خلل اور سماجی تنہائی’’Stress Hormones‘‘ جیسے کورٹیسول کی سطح میں اضافہ کرتی ہے، جس سے ذہنی دباؤ اور اضطراب مزید بڑھتا ہے۔ اس طرح فرد کی مجموعی صحت پر بھی بُرا اثر پڑتا ہے اور معاشرت میں اس کی شمولیت کم زور پڑ جاتی ہے۔

سوشل سائیکولوجی کے نظریات اِس امر کی وضاحت کرتے ہیں کہ انسانی تعلقات میں گہرائی، باہمی اعتماد اور ذاتی مشاہدات کی کمی، فرد کو جذباتی طور پر علیٰحدہ کر دیتی ہے۔ ڈیجیٹل تنہائی میں فرد کو یہ محسوس ہوتا ہے کہ وہ معاشرتی طور پر جُڑا ہوا ہے، لیکن اس کی تجرباتی حقیقت یہ ہوتی ہے کہ وہ تعلقات کی گہرائی سے محروم رہتا ہے۔ نتیجتاً جذباتی اور فکری صحت متاثر ہوتی ہے اور فرد سماجی بگاڑ کے عمل میں غیر ارادی شریک بن جاتا ہے۔

بہرطور یہ کہا جا سکتا ہے کہ ڈیجیٹل تنہائی ایک نفسیاتی بحران ہے، جو فرد کی فکری، جذباتی اور جسمانی صحت کے ساتھ معاشرتی تعلقات کو بھی متاثر کرتا ہے۔ یہ بحران محض ذاتی یا نفسیاتی مسئلہ نہیں بلکہ سماجی ڈھانچے، خاندان، تعلیمی اداروں اور تیکنیکی نظام کے ساتھ مربوط ہے اور اس کا حل صرف تیکنیکی استعمال کم کرنے یا وقت کی پابندی تک محدود نہیں ہو سکتا بلکہ اس ضمن میں وسیع نفسیاتی، تعلیمی اور سماجی اصلاحات کی ضرورت ہے۔

سماجی تعلقات میں بگاڑ:

ٹیکنالوجی زدہ معاشرے میں فرد کی تنہائی محض ذاتی مسئلہ نہیں بلکہ یہ سماجی تعلقات کے ڈھانچے پر گہرے اثرات مرتّب کرتی ہے۔ جب لوگ اپنی زیادہ تر گفتگو، رابطے اور جذباتی اظہار ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے کرتے ہیں، تو روابط کی گہرائی اور معیار متاثر ہوتا ہے۔ حقیقی تعلقات، جو جسمانی موجودگی، غیر لفظی اشاروں اور جذباتی مطابقت پر منحصر ہوتے ہیں، سطحی اور وقتی ڈیجیٹل روابط کے ساتھ تبدیل ہو جاتے ہیں۔ 

اس کی وجہ سے معاشرت میں اعتماد اور باہمی تعاون کی کمی بڑھ جاتی ہے اور افراد کے درمیان ہم آہنگی کم زور پڑتی ہے۔ نفسیاتی تحقیق کے مطابق، سطحی تعلقات، فرد کے جذباتی استحکام کے لیے کافی نہیں ہوتے۔ یونی ورسٹی آف آکسفورڈ کی ایک تحقیق(2021ء) میں یہ دریافت ہوا کہ زیادہ تر آن لائن تعلقات رکھنے والے افراد میں جذباتی تنہائی کی شدّت بڑھ جاتی ہے اور وہ حقیقی معاشرتی رابطے کی تلاش میں ناکام رہتے ہیں۔ 

یہ صُورتِ حال نوجوانوں میں سب سے نمایاں ہے، جو اپنی فکری اور جذباتی نشوونما کے اہم مرحلے میں ہیں۔ نتیجتاً، وہ سطحی تعلقات کے عادی ہو کر حقیقی سماجی روابط کی اہمیت سے غافل ہو جاتے ہیں۔ خاندان میں بھی یہ اثر واضح طور پر نظر آتا ہے۔ والدین اور بچّوں کے درمیان حقیقی بات چیت کی کمی یا خاندان کے افراد کے ساتھ کم وقت گزارنا، روابط کم زور کر دیتا ہے۔ سوشل میڈیا اور آن لائن مشغولیت کی وجہ سے افراد، خاندان کے وقت کو ترجیح نہیں دیتے، جس سے جذباتی فاصلہ پیدا ہوتا ہے۔

اسلامی فکری روایت میں خاندان کے رشتوں کو مضبوط اور باہمی تعلقات کو مرکزی حیثیت دینے پر زور دیا گیا ہے، لیکن جدید ٹیکنالوجی نے اِس فطری ربط کو محدود کر دیا ہے۔ دوستی اور معاشرتی حلقوں میں بھی بگاڑ واضح ہے۔ آن لائن تعلقات اکثر فوری لُطف اور سرفراز دِکھائی دینے والے تصوّرات پر مبنی ہوتے ہیں، جو وقتی سکون تو دیتے ہیں، لیکن دیرپا رشتوں کی بنیاد قائم نہیں کر پاتے۔

اس کے نتیجے میں افراد کے اندر جذباتی عدم اطمینان اور عدم اعتماد پیدا ہوتا ہے اور وہ حقیقی تعلقات کی بجائے سطحی رابطوں میں مطمئن رہنے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہ رویّہ معاشرت میں اجتماعی ہم آہنگی اور تعاون کی کمی کا سبب بنتا ہے۔ اس کا نتیجہ یہ ہے کہ ٹیکنالوجی زدہ معاشرے میں سماجی تعلقات میں بگاڑ ایک پیچیدہ اور دیرپا مسئلہ ہے۔

سطحی اور وقتی روابط فرد کی فکری اور جذباتی نشوونما کو متاثر کرتے اور سماجی ڈھانچے میں اعتماد اور تعلق کی کم زوری پیدا کرتے ہیں۔ اس بحران کا حل صرف ذاتی فیصلوں یا ذاتی احتساب تک محدود نہیں، بلکہ خاندان، تعلیمی اور سماجی پالیسی ساز اداروں کی مشترکہ کوششوں سے ممکن ہے۔

سوشل میڈیا اور خُود فریبی کا کلچر:

سوشل میڈیا نے معاشرتی تعلقات کو صرف سطحی نہیں، بلکہ متضاد بھی کر دیا ہے۔ صارفین اپنی زندگیوں کے منتخب پہلوؤں کو پیش کرتے ہیں، جس سے حقیقی اور نمائشی شناخت کے درمیان فرق کم ہوتا جا رہا ہے۔ اس عمل کو نفسیات میں’’Self-Deception‘‘یا’’خود فریبی‘‘ کے طور پر دیکھا جاتا ہے، جہاں فرد اپنی موجودہ حقیقت کو بہتر یا زیادہ قبولیت کے قابل دِکھانے کے لیے مسخ کرتا ہے۔

یہ رجحان نوجوانوں اور بڑوں، دونوں میں واضح ہے اور اسے حقیقی تعلقات میں رکاوٹ، جذباتی اضطراب اور سماجی اعتماد میں کمی کے طور پر محسوس کیا جاتا ہے۔ نفسیاتی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ سوشل میڈیا پر اپنی شناخت بہتر دِکھانے کی کوشش، دراصل فرد کے اندرونی اضطراب اور عدم اطمینان کی عکّاسی کرتی ہے۔ اسٹینفورڈ یونیورسٹی کے مطالعے (2022ء) کے مطابق جو نوجوان اپنے آن لائن پروفائلز میں زندگی کے جذبات یا کام یابیاں بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہیں، اُن میں حقیقی زندگی میں اطمینان اور خُود اعتمادی کم ہوتی ہے۔ 

یوں سوشل میڈیا نہ صرف جھوٹ کے کلچر کو فروغ دیتا ہے، بلکہ فرد کی نفسیاتی نشوونما اور داخلی مطابقت پر بھی منفی اثرات مرتّب کرتا ہے۔ سوشل میڈیا کی الگورتھمک ساخت بھی اس رجحان کو تقویت دیتی ہے۔ پلیٹ فارمز زیادہ توجّہ حاصل کرنے والے مواد کو ترجیح دیتے ہیں، چاہے وہ حقیقت کے منافی ہو یا مبالغہ آمیز۔

نتیجتاً افراد مسلسل یہ محسوس کرتے ہیں کہ اپنے آپ کو بہتر یا زیادہ مقبول دِکھانا ضروری ہے۔ یہ دباؤ نہ صرف نفسیاتی بلکہ معاشرتی سطح پر بھی اثر انداز ہوتا ہے، جہاں جھوٹ، مبالغہ اور خود فریبی معمول بن جاتے ہیں اور حقیقی تعلقات کی قدر کم ہو جاتی ہے۔ مزید براں، یہ رویّہ معاشرت میں سطحی تعلقات اور منافقت کی ثقافت کو فروغ دیتا ہے۔ 

جب ہر فرد اپنی حقیقت چُھپاتا یا بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے، تو دیگر افراد بھی اُسی کے مطابق رویّہ اپناتے ہیں،یوں سماجی تعلقات میں اعتماد اور شفافیت کا فقدان پیدا ہوتا ہے۔ اِس طرح سوشل میڈیا ایک ایسا ماحول تخلیق کرتا ہے، جہاں جھوٹ اور خود فریبی نہ صرف قابلِ قبول بلکہ سماجی معیار کے طور پر راسخ ہو جاتے ہیں۔

نتیجتاً سوشل میڈیا کے زیرِ اثر خودفریبی اور جھوٹ کا کلچر فرد کی نفسیات، سماجی تعلقات اور معاشرتی اعتماد کو ایک پیچیدہ بحران میں مبتلا کر دیتا ہے۔ یہ بحران صرف ذاتی سطح تک محدود نہیں، بلکہ تعلیمی، پیشہ ورانہ اور سماجی ڈھانچوں میں بھی محسوس کیا جا سکتا ہے۔ لہٰذا اِس مسئلے کا حل تیکنیکی حدود یا ذاتی احتساب سے زیادہ سماجی، تعلیمی اور نفسیاتی اصلاحات کا متقاضی ہے۔

خاندان اور معاشرتی نظام پر نفسیاتی دباؤ:

ٹیکنالوجی زدہ معاشروں میں خاندان کا بنیادی کردار، جو افراد کی نفسیاتی اور جذباتی نشوونما میں اہم ہے، نمایاں طور پر متاثر ہوا ہے۔ والدین اور بچّوں کے درمیان حقیقی تعلقات، مشترکہ وقت اور گفتگو کے معیار میں کمی نے خاندان کے نظام میں نفسیاتی دباؤ پیدا کیا ہے۔ بچّوں کی زیادہ تر توجّہ موبائل فون، گیمز اور سوشل میڈیا پر مرکوز ہوتی ہے، جس سے والدین اور خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ روابط سطحی ہو جاتے ہیں۔

نتیجتاً خاندان کے اندر باہمی اعتماد، جذباتی قربت اور ہم آہنگی کم زور پڑتی ہے۔نفسیات دان ڈاکٹر جان بیل کے مطابق خاندان میں تعلقات کی کمی، بچّوں اور نوجوانوں میں اضطراب، تنہائی اور خوداعتمادی کی کمی کو جنم دیتی ہے۔ والدین کی غیر موجودگی یا کم مشغولیت، حتیٰ کہ جسمانی موجودگی کے باوجود، بچّوں میں جذباتی فاصلہ پیدا کر دیتی ہے۔

اِس صُورتِ حال میں بچّے سماجی تعلقات میں خود کو کم زور یا غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں اور یہ نفسیاتی دباؤ وقت کے ساتھ بڑھتا چلا جاتا ہے۔ نیز، معاشرتی نظام بھی اِس بحران سے متاثر ہوتا ہے۔ خاندان، معاشرتی نظام کا بنیادی جزو ہے اور اگر خاندان کے اندر روابط اور تعاون میں کمی ہو جائے، تو معاشرتی ہم آہنگی متاثر ہوتی ہے۔

ٹیکنالوجی کے بڑھتے استعمال نے فرد کو خاندان اور کمیونٹی کا فعال حصّہ بننے سے روکا ہے، جس سے سماجی تعلقات میں خلا پیدا ہوتا ہے۔ یوں فرد نہ صرف ذاتی تنہائی کا شکار ہوتا ہے بلکہ معاشرتی اعتماد اور تعاون بھی متاثر ہوتا ہے۔ مزید برآں، والدین اور اساتذہ دونوں پر ایک اضافی نفسیاتی دباؤ پڑتا ہے۔ وہ بچّوں اور نوجوانوں کی ڈیجیٹل مصروفیات کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مسلسل محتاط رہنے پر مجبور ہیں۔

اِس دباؤ کے نتیجے میں والدین اور معاشرتی رہنما اکثر جذباتی تھکن اور اضطراب کا شکار ہو جاتے ہیں۔ وہ بھی سطحی یا وقتی حل تلاش کرنے پر مجبور ہوتے ہیں، جس سے مسئلہ مزید پیچیدہ ہو جاتا ہے۔ فرد کی تنہائی اور جذباتی علیٰحدگی خاندان کے استحکام اور سماجی ہم آہنگی کو کم زور کرتی ہے۔ اِس بحران کا حل سماجی اصلاحات، والدین کی مشغولیت اور تعلیمی و نفسیاتی اقدامات کے یک جا ہونے ہی سے ممکن ہے۔

تعلیم، کام اور زندگی میں ٹیکنالوجی کا کردار:

تعلیم، پیشہ ورانہ سرگرمیوں اور روزمرّہ زندگی میں ٹیکنالوجی کے بڑھتے اثرات نے فرد کی نفسیاتی کیفیت اور سماجی تعلقات میں واضح تبدیلیاں پیدا کی ہیں۔ آن لائن تعلیم، ورچوئل کلاس رومز اور ڈیجیٹل لرننگ کے جدید نظام نے علم تک رسائی آسان تو بنائی ہے، لیکن اس کے نتیجے میں طلبہ میں حقیقی سماجی تعامل کی کمی اور تنہائی کے احساسات میں اضافہ ہوا ہے۔ جسمانی موجودگی کے بغیر تعلقات اور گروپ وَرک کی عادت، نوجوانوں کی جذباتی اور سماجی مہارتوں کو محدود کرتی ہے۔

یہ انہیں سطحی تعلقات اور عارضی رابطوں کی عادی بنا دیتی ہے۔ پیشہ ورانہ زندگی میں بھی ٹیکنالوجی نے فرد پر مسلسل دباؤ ڈالنا شروع کر دیا ہے۔ ورچوئل میٹنگز، ای میلز اور فوری معلومات کے تقاضوں نے کام کے وقت اور ذاتی زندگی کے درمیان تفریق کم کر دی ہے۔ نفسیاتی تحقیق کے مطابق، اِس قسم کے دباؤ’’Digital Burnout‘‘ یا’’ڈیجیٹل تھکن‘‘ کا باعث بنتے ہیں، جو فرد کی تخلیقی، توجّہ مرکوز کرنے کی صلاحیت اور جذباتی استحکام کو متاثر کرتے ہیں۔

یوں فرد کی کارکردگی تو بڑھتی محسوس ہوتی ہے، لیکن نفسیاتی اور سماجی صحت متاثر ہوتی ہے۔ ٹیکنالوجی زندگی کے ہر پہلو میں فرد کی وابستگی اور موجودگی کو تسلّط میں لے لیتی ہے۔ آن لائن خریداری، سوشل میڈیا، ایپلی کیشنز اور ڈیجیٹل تفریح نے انسان کی توجّہ مستقل طور پر ڈیجیٹل مواد کی طرف مرکوز کر دی ہے۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ فرد حقیقی تعلقات، تفریح اور جسمانی سرگرمیوں سے دُور ہو کر ایک الگ تھلگ ماحول میں محدود ہو جاتا ہے، جہاں جذباتی تناؤ اور اضطراب بڑھتا ہے۔

تعلیمی اور پیشہ ورانہ ڈھانچے کے ساتھ ٹیکنالوجی نے وقت کا انتظام اور زندگی کا توازن بھی متاثر کیا ہے۔’’ Always-On Culture‘‘ کے رجحان کے نتیجے میں افراد ہر وقت دست یاب رہنے کی کوشش کرتے ہیں، جس سے نیند، آرام اور ذاتی تعلقات متاثر ہوتے ہیں۔ تعلیمی، معاشی اور معاشرتی زندگی میں ٹیکنالوجی کا بڑھتا اثر، فرد کی نفسیاتی نشوونما، سماجی تعلقات اور معاشرتی ہم آہنگی پر گہرے اثرات مرتّب کرتا ہے۔ اگرچہ یہ سہولتیں علمی، پیشہ ورانہ اور عملی سطح پر مددگار ہیں، لیکن اس کے ساتھ ہی یہ فرد کی تنہائی، اضطراب اور سماجی تعلقات میں بگاڑ کی بنیادی محرّک بھی بن رہی ہیں۔

نفسیاتی اور سماجی بحالی:

ٹیکنالوجی زدہ معاشروں میں فرد کی تنہائی اور سماجی بگاڑ کا نفسیاتی بحران صرف ذاتی مسئلہ نہیں، بلکہ ایک معاشرتی اور ثقافتی چیلنج ہے۔ اس بحران سے نمٹنے کے لیے اصلاحات کا دائرہ وسیع اور کثیر الجہتی ہونا ضروری ہے۔ تعلیمی و سماجی ادارے، والدین اور تیکنیکی پالیسی ساز سب ہی کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ فرد کی نفسیاتی صحت اور سماجی تعلقات کی بحالی ممکن ہوسکے۔

نفسیاتی ماہرین کے مطابق یہ اصلاح محض ٹیکنالوجی کا استعمال محدود کرنے تک محدود نہیں بلکہ تربیت، شعور اور عملی مداخلت پر بھی منحصر ہے۔ تعلیمی اصلاح کا بنیادی مقصد طلبہ میں حقیقی تعلقات، جذباتی شعور اور تحقیق پر مبنی علم کو فروغ دینا ہے۔ کلاس رومز اور آن لائن لرننگ کے امتزاج کو اِس طرح ڈیزائن کیا جانا چاہیے کہ طلباء و طالبات جسمانی اور سماجی تعلقات کی اہمیت کو سمجھیں اور عملی زندگی میں ان کی قدر کریں۔ 

معاشرتی علوم اور نفسیات کے مطالعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ جب طلبہ روزمرّہ زندگی میں ٹیم ورک، مشترکہ مسائل کے حل اور باہمی تعاون کے تجربات کرتے ہیں، تو وہ ڈیجیٹل تنہائی اور اضطراب سے بہتر طور پر نمٹ سکتے ہیں۔ نیز، خاندانی اصلاح بھی ناگزیر ہے۔ والدین اور بزرگوں کو چاہیے کہ وہ بچّوں کے ساتھ حقیقی وقت گزاریں، گفتگو اور مشترکہ سرگرمیوں کو ترجیح دیں اور ٹیکنالوجی کے استعمال میں توازن قائم کریں۔

اس سے نہ صرف خاندان کے اندر اعتماد اور ہم آہنگی بحال ہوگی، بلکہ نوجوانوں کی نفسیاتی نشوونما اور جذباتی استحکام بھی مضبوط ہوگا۔ اسلامی اور معاشرتی روایات میں خاندان کو معاشرتی ربط اور اخلاقی تربیت کا مرکز سمجھا گیا ہے اور جدید نفسیاتی تحقیق بھی اِس تصوّر کی اہمیت کی تصدیق کرتی ہے۔ سماجی اور تیکنیکی اصلاحات بھی ضروری ہیں۔ 

سوشل میڈیا اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو ایسے قواعد اور اصولوں کے تحت چلایا جانا چاہیے، جو شفّافیت، حقیقت پسندی اور صحت مند تعلقات کو فروغ دیں۔ الگورتھمز میں اصلاح اور عوام میں معلومات کی جانچ پڑتال کی تربیت، فرد کو جھوٹ اور سطحی تعلقات کے کلچر سے محفوظ رکھ سکتی ہے۔ یوں سوشل میڈیا اور ٹیکنالوجی صرف تنہائی کا سبب نہیں بلکہ سماجی تعلقات کی مضبوطی اور نفسیاتی صحت کی سہولت بھی بن سکتی ہے۔

ٹیکنالوجی زدہ معاشرے میں فرد کی تنہائی اور سماجی بگاڑ محض ایک وقتی رجحان نہیں، بلکہ ایک گہرا اور دیرپا نفسیاتی و سماجی بحران ہے۔ اس تحقیق سے واضح ہوتا ہے کہ ڈیجیٹل روابط نے انسانی تعلقات کی مقدار تو بڑھا دی، مگر ان کی معنویت، گہرائی اور پائے داری کو کم زور کر دیا ہے۔ فرد بظاہر ہر وقت جُڑا ہوا ہے، مگر حقیقت میں وہ جذباتی، سماجی اور فکری سطح پر تنہائی کا شکار ہوتا جا رہا ہے۔ یہ تضاد جدید انسانی تجربے کی سب سے نمایاں علامت بن چُکا ہے۔ 

یہ بحران فرد کی نفسیاتی صحت تک محدود نہیں رہتا بلکہ خاندان، تعلیمی نظام، پیشہ ورانہ ماحول اور سماجی ہم آہنگی کو بھی متاثر کرتا ہے۔ جذباتی بے یقینی، اضطراب، ڈیجیٹل تھکن اور خُود فریبی کے رجحانات اِس بات کا ثبوت ہیں کہ ٹیکنالوجی اگر غیر متوازن اور غیر شعوری انداز میں استعمال ہو تو وہ انسانی وجود کو سہارا دینے کی بجائے اسے کم زور کر دیتی ہے۔ 

سماجی اعتماد، باہمی تعلق اور اجتماعی شعور اس عمل میں شدید متاثر ہوتے ہیں۔تاہم، یہ کہنا بھی درست نہ ہوگا کہ ٹیکنالوجی بذاتِ خود مسئلہ ہے۔ اصل مسئلہ اس کے استعمال کا غیر متوازن، غیر اخلاقی اور غیر انسانی انداز ہے۔ اگر تعلیمی، خاندانی اور سماجی سطح پر شعوری اصلاحات متعارف کروائی جائیں، جذباتی تربیت اور سماجی مکالمے کو فروغ دیا جائے اور ڈیجیٹل کلچر کو انسانی اقدار کے تابع کیا جائے، تو ٹیکنالوجی فرد کی تنہائی کا سبب بننے کی بجائے اس کی نفسیاتی اور سماجی بحالی کا ذریعہ بھی بن سکتی ہے۔ 

معلوم ہوا کہ ٹیکنالوجی زدہ معاشرے میں اصل چیلنج آلات کی ترقّی نہیں بلکہ انسان کی داخلی، جذباتی اور سماجی سالمیت کا تحفّظ ہے۔ فرد کو دوبارہ تعلق، مکالمے اور معنویت کی طرف لَوٹانا ہی اس بحران کا حقیقی حل ہے اور یہی وہ سمت ہے، جہاں نفسیات، سماجیات اور اخلاقی فکر کو یک جا ہو کر انسانی معاشرے کی تعمیرِ نو کرنی ہوگی۔

سنڈے میگزین سے مزید