اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کا تیسرا فوجی جنوبی لبنان میں ہلاک ہوگیا۔
ایک نیوز بریفنگ میں اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ گذشتہ رات ہوئے مقابلے کے دوران 21 سالہ اسٹاف سارجنٹ مارا گیا، ہلاک فوجی گولانی بریگیڈ کے ریکونیسنس یونٹ سے تعلق رکھتا تھا، جبکہ ایک فوجی زخمی بھی ہوا ہے۔
اس سے پہلے دو اسرائیلی فوجی 8 مارچ کو لبنان میں مارے جا چکے ہیں۔ 28 فروری کو ایران پر حملوں کے بعد سے شروع ہوئی جنگ میں اسرائیل کے اندر ایرانی حملوں میں مارے جانے والے اسرائیلیوں کی تعداد 17 ہوچکی ہے۔
دوسری جانب حزب اللّٰہ نے شمالی اسرائیل پر راکٹ اور ڈرون حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ لبنان کی مزاحمتی تنظیم کی جانب سے روزانہ اوسطاً 150 راکٹ فائر کیے جا رہے ہیں۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ جنوبی لبنان میں 2,000 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جس میں تقریباً 700 حزب اللّٰہ کے مزاحمت کار مارے گئے۔
اسرائیل نے جنوبی لبنان میں اپنی زمینی کارروائیاں تیز کر دی ہیں اور شہریوں کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایات دی ہیں۔